آنکھوں کو من کی کھڑکیاں کہا جاتا ہے یعنی آنکھیں دل کا حال کہتی ہیں۔دل کا حال کہنے کے ساتھ ساتھ آنکھیں آپ کی صحت کا حال بتانے میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔
دھندلا دکھائی دینا
یہ ذیابیطس کی علامت ہو سکتا ہے جس کا مطلب ہے آپ کے خون میں شکر کی سطح بڑھ چکی ہے۔ اگر بر وقت اقدامات سے اس پر قابو نہ پایا جائے تو آنکھوں میں موجود باریک رگوں سے خون رسنے لگتا ہے (ڈائیبیٹک ریٹینو پیتھی)۔ اس باعث آپ کو دھندلا دکھائی دینے اور رات کے وقت دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آنکھوں کا باہر نکلنا
گریوز ڈیزیز ،جس میں تھائی رائیڈ گلینڈ اضافی مقدار میں ہارمون بنانے لگتا ہے ، آنکھوں کے باہر نکلنے کا باعث بن سکتی ہے۔اس کے علاوہ ہاتھوں کی کپکپاہٹ،اچانک وزن میں کمی اور اسہال بھی اس بیماری کی علامات ہیں۔
آنکھوں کی پتلیوں کا ڈھلک جانا
یہ مائیستھینیا گریویس کی علامت ہو سکتا ہے ،جو کہ مدافعتی نطام کی خرابی کی وجہ سے پٹھوں کو کمزور کر دینے والی ایک بیماری ہے۔یہ بیماری چہرے،آنکھوں اور گردن کے پٹھوں کو متاثر کرتی ہے اور مریض کے لیے چبانا،نگلنا اور بولنا مشکل ہو جاتا ہے۔
قرنیے کے گرد ہالہ بننا
اس صورتحال کو کارنیل ارکس کہا جاتا ہے جس میں آنکھ کے قرنیے کے گرد چربی کا ایک دودھیا سفید ہالہ بن جاتا ہے۔اگر آپ عمر رسیدہ ہیں تو یہ علامت کچھ خاص معنی نہیں رکھتی لیکن اگر آپ کی عمر چالیس سال سے کم ہے اور آپ اس علا مت کا شکار ہیں تو یہ خطرناک حد تک بڑھے کولیسٹرول کی نشانی ہے۔
آنکھوں کی پیلاہٹ
جلد اور آنکھوں کی پیلاہٹ یرقان کی علامات ہیں۔اس کا مطلب ہے کہ آپ کا جگر سوزش یا کسی خرابی کی وجہ سے بلیو ربن کی اضافی مقدار بنا رپا ہے۔غلط غذائی عادات،کینسر،شراب نوشی اور تعدیے جگر کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں۔
(شب کوری (نائٹ بلائینڈنس
کم روشنی میں بصارت کم ہو جانا نظر کی کمزوری یا موتیا کی علامت ہو سکتی ہے لیکن رات کے وقت دکھائی نہ دینا وٹامن اے کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کا علاج وٹامن اے کے ضمیموں اور خوراک میں اضافی وٹامن اے لینے سے ممکن ہے۔
نظر کا اچانک دھندلا جانا
اچانک نظر نہ آنا یا نظر کا دھندلا جانا اس بات کی علامت ہے کہ آپ کے دماغ یا آنکھوں کو خون کی ترسیل رواں نہیں ہے۔ فوری طبی توجہ نہ صرف گزشتہ نقصان کا ازالہ ہو سکتا ہے بلکہ یہ آپ کو آئندہ ہونے والے کسی بڑے مسئلے سے بھی بچا سکتا ہے۔
اگر آپ ان میں سے کسی بھی علامت سے متاثر ہیں تو اپنے معالج سے فی الفور رابطہ آپ کے حق میں ہے۔ آنکھوں کی کہی گئی اب باتوں کو نظر انداز کرنا دانشمندی نہیں۔