وزن کم کرنا ہر اس فرد کا خواب ہوتا ہے جو کہ موٹاپے کا شکار ہوتا ہے ۔ عام طور پر وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد ڈائٹنگ اور ایکسرسائز سے مدد لیتے ہیں اور اس دوران وہ کیلے اور دودھ جیسی اشیا کا استعمال ترک کر دیتے ہیں جس کے سبب ان کے جسم میں کیلشیم کی کمی واقع ہوجاتی ہے اور وہ کمزوری کا شکار ہو جاتے ہیں
وزن کم کرنے کے لیۓ کیلے اور دودھ کی ڈائٹ
وزن کم کرنےکے لیۓ کیلے اور دودھ کو بطور ڈائٹ استعمال کرنے کا آئیڈیا پہلی بار 1934 میں ماہر غذائیت ڈاکٹر جارج ہارپ نے جان ہاپکنز یونیورسٹی میں شروع کیا تھا ۔ ابتدا میں اس ڈائٹ کا مقصد ذیابیطس کے مریضوں کو طاقت فراہم کرنے کے لیۓ کیا گیا تھا مگر اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کا اس ڈائٹ کی مدد سے صرف چار دن میں 3 سے 4 کلو وزن کم کیا جا سکتا ہے جس کے بعد اس ڈائٹ کا استعمال وزن کو کم کرنے کے لیۓ کیا جانے لگا
کیلے اور دودھ سے وزن کم کرنے کا طریقہ
کیلے اور دودھ کی ڈائٹ سے وزن کم کرنے کے لیۓ اس بات کو یاد رکھنا ضروری ہے کہ وزن کم کرنے کے اس پیریڈ میں دودھ اور کیلے کے سوا کھانے کی کسی اور چیز کا استعمال ممنوع ہے اور اس کے بتاۓ گۓ طریقے سے ہی کھانا ہے
صبح کا ناشتہ
صبح کے ناشتے میں اس ڈائٹ پلان کے مطابق دو کیلے اور ایک کپ بغیر بالائی کے دودھ کے پی لیں
اس کے بعد دوبارہ کچھ دیر بعد ہلکی پھلکی بھوک کی صورت میں کچھ کھانے کے بجاۓ 3 گلاس پانی پی لیں
دوپہر کا کھانا
دوپہر کے کھانے میں بھی اس ڈائٹ پلان کے مطابق صبح کی طرح دو کیلے اور ایک کپ کریم کے بغیر دودھ کا پی لینا ہے اس کے بعد سہہ پہر تک 3 گلاس پانی کے پی لینا ہے
رات کا کھانا
رات کے کھانے میں بھی دو کیلے اور ایک کپ دودھ کا پی لینا ہے اگر کیلے اور دودھ علیحدہ نہ کھاۓ جا سکیں تو اس صورت میں اس کو ملا کر ان کا شیک بنا کر بھی پی سکتے ہیں مگر اس میں کسی قسم کی چینی یا مٹھاس شامل نہیں کرنا ہے
کیلا وزن کم کرنے میں کس طرح معاون ہو سکتا ہے
عام طور پر یہ بات حیرت کا سبب ہے کہ کیلے کو سب لوگ وزن بڑھانے والی غذا کے طور پر جانتے آۓ ہیں اور اس کے ذریعے وزن کم کرنا کیسے ممکن ہو سکتا ہے لیکن ماہرین کے مطابق ایک کیل کے اندر 100 کیلوریز ہوتی ہیں جب کہ ایک کپ دودھ میں 80 کیلوریز ہوتی ہیں دن بھرمیں 6 کیلے کھانے سے 600 کیلوریز جب کہ تین کپ دودھ پینے سے 240 کیلوریز ملتی ہیں جو دن بھر کی تقریبا 840 کیلوریز بناتی ہیں
اس وجہ سے دن بھر میں 1000 کیلوریز سے کم غذا کے استعمال کے سبب جسم میں جمع شدہ چربی استعمال ہونا شروع ہو جاتی ہے جو کہ تیزی سے وزن کم کرنے کا سبب بن سکتی ہے
کیلے اور دودھ کی ڈائٹ کے فوائد
کیلے اور دودھ پر مشتمل یہ ڈائٹ تیزی سے وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف طریقوں سے صحت کے لیۓ بہت مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ کیلا اور دودھ کھانے سے ایک تو کافی دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا ہے اس کے علاوہ اس میں فائبر کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ ہاضمے کے عمل کو درست کر کے میٹا بولزم کو تیز کرتی ہے جس سے وزن میں تیزی سے کمی واقع ہوتی ہے
کیلا منرل ، وٹامن اور خاص طور پر پوٹاشیم سے بھر پور ہوتا ہے جس وجہ سے صرف اس ڈائٹ کے استعمال سے وزن کم ہونے کے ساتھ ساتھ جسم کو توانائي کی درکار مقدار میسر ہونے میں آسانی ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ کیلے کے ساتھ دودھ کی موجودگی اس غذا کو پروٹین اور کیلشیم سے بھر پور بنا دیتی ہے جس کے سبب جسم میں کمزوری کا احساس نہیں ہوتا ہے
دودھ مین موجود کیلشیم ہڈیوں اور پٹھوں کی صحت کے لیۓ بھی بہت ضروری ہوتا ہے جس کی وجہ سے ڈائٹنگ کے باوجود ہڈیاں اور پٹھے مضبوط رہتے ہیں اور جسم میں درد کی شکایت نہیں ہوتی ہے
اس ڈائٹ میں موجود وٹامن چہرے کی جلد کے لیۓ بھی مفید ہوتے ہیں اس وجہ سے جلد کے نکھار میں وزن کی کمی کے باوجود کسی قسم کی کمی واقع نہیں ہوتی ہے اور چہرہ تروتازہ رہتا ہے
کیلے اور دودھ کی ڈائٹ کے دوران احتیاط
یہ ڈائٹ اگرچہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیۓ بھی مفید ہوتی ہے کیون کہ اس میں ایک جانب تو قدرتی مٹھاس ہوتا ہے جو کہ خون میں شوگر کے لیول کو بڑھنے سے روکتا ہے مگر اس کے باوجود کچھ افراد اس کے استعمال کے سبب خون میں شوگر کے لیول کی کمی کا شکار بھی ہوسکتے ہیں اس وجہ سے ذیابیطس کے مریضوں کو وزن کم کرنے کے لیۓ اس ڈائٹ کو اپنانے سےپہلے اپنے معالج سے لازمی طور پر مشورہ کر لینا چاہیۓ ہے