والدین بننے کے بعد آپ کی زندگی میں جو تبدیلیاں آتی ہیں ان کے لئے مکمل پیشگی تیاری کرنا ناممکن ہے گو کہ والدن کے لئے ہدایات پر مبنی کتابیں، کلاسز اور مشورے کچھ حد تک مددگار ہو سکتے ہیں۔ والدین بننے کے بعد بے خواب راتیں، ڈائپر کی تبدیلیاں، اور مسلسل کھانا کھلانا آپ کی زندگی کی کایا پلٹ دیتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ فطری طور پر اپنے بچے کیلئے یہ سب کچھ کرنے کے لئے تیار ہوتے ہیں۔ یہاں سرفہرست دس چیزیں ہیں جو آپ کے والدین بننے کے بعد بالکل تبدیل ہوجاتی ہیں۔
والدین بننے سے پہلے، آپ ایک گھنٹے سے کم وقت میں تیار ہو سکتے تھے۔ بچے کے آنے کے بعد آپ کا پورا شیڈول بدل جاتا ہے۔ آپ کے روزمرہ کے معمولات میں اب ڈائپر بیگ پیک کرنا، بچے کے کپڑے تبدیل کرنا، اسے کھانا کھلانا شامل ہیں ۔ اور یہ سب تبھی بروقت ممکن ہو پاتا ہے اگر اچانک کوئی مسئلہ جیسے ڈائپر لیک ہوجانا، بچے کا بلاوجہ رونا اور ضد کرنا وغیرہ نہ پیش آ جائے۔ مختصر یہ کہ، نئے والدین کے طور پر، آپ کا وقت کا احساس مکمل طور پر بدل جاتا ہے اور آپ وقت کی پابندی اور درست استعمال کرنا سیکھ جاتے ہیں۔
اپنے بچے کو ہر چیز پر مقدم رکھنا
والدین بننا آپکو ایک چھوٹے بچے کی حفاظت کا ذمہ دار بنا دیتا ہے، تب سے ہی آپ اپنے سے زیادہ بچے کی دیکھ بھال، آرام و سکون کے اہتمام میں جت جاتے ہیں۔ اپنے آپ سے زیادہ اپنے بچے کے مستقبل کے لئے فکرمند ہوتے ہیں۔ آپ کا بچہ ہی آپ کی زندگی کی تمام تر توجہ اور منصوبہ بندی کا محور ہوتا ہے۔
والدین بننے سے پہلے آپ بغیر کسی منصوبہ بندی کے پیسہ خرچ کرتے ہیں حتی کہ بیشتراوقات آپ خاصی فضول خرچی کرتے ہیں۔ لیکن بچے کی پیدائش کے بعد آپ پیسوں کے معاملے میں خاصے ذمہ دار ہو جاتے ہیں اور سوچ سمجھ کر منصوبہ بندی کے تحت خرچ کرتے ہیں۔ بچے کی پیدائش کے ساتھ ہی آپ اپنا پیڈیکیور اور فیشل ٹریٹمنٹ ترک کر کے وہ پیسہ اس کی تعلیم کیلئے جمع کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔ اپنے لئے جوتوں کا ایک نیا جوڑا خریدنے کے بجائے، آپ وہ رقم ڈائپر پر خرچ کرتے ہیں یا بچے کے لئے نئے کپڑے خرید لیتے ہیں۔
نیند کی کمی
والدین بننے سے پہلے آپکا آٹھ گھنٹے سے کم نیند پر گزارہ نہیں ہوتا تھا۔ بچوں کے بعد سونا عیاشی بن جاتا ہے۔ راتوں کو جاگنا اور دن بھر کام کرنا ایک معمول بن جاتا ہے۔ والدین بننے کے بعد آپ صرف 1،2 گھنٹوں کی نیند پر گزارہ کرنا سیکھ جاتے ہیں۔ آپ یہ سیکھ لیتے ہیں کہ مسلسل تین راتیں جاگ کر بھی دن بھر کام کیسے کیا جاتا ہے۔ حتی کہ رات بھر جاگ کر صبح سات بجے تک سونا ایک نعمت لگتا ہے۔
فیشن سینس کا بدلنا
والدین بننے کے بعد آپ کی کپڑوں کی پسند بہت زیادہ بدل جاتی ہے۔ آپ کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ آپ آرام دہ اور بجٹ کے مطابق خریداری کریں۔ آپ ایسے کپڑوں کا انتخاب کرتے ہیں جو تھوک، قے اور بچوں کے ہاتھ برداشت کر سکیں۔ آپ اپنے ڈیزائنر کپڑوں کو خاص مواقع کے لیے محفوظ کریں گے اور انہیں اپنے بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں گے۔
اپنا بہتر خیال رکھیں
صحت مند طرز زندگی کا انتخاب کرنے کی ترغیب دینے کے لیے والدین بننے سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔ آپ صحت مند عادات کو اپنانے کے لیے زیادہ پرعزم ہو جاتے ہیں جیسے صبح یوگا کی مشق کرنا یا فاسٹ فوڈ کو ختم کرنا۔ آپ کے فریج میں میٹھے مشروبات اور فاسٹ فوڈ کی جگہ تازہ پھل اور خشک میوہ جات لے لیتے ہیں۔ اس طرح آپ کے بچے بھی صحت مند عادات اپنائیں گے کیونکہ وہ آپ کو صحت مند خوراک کھاتے اور ورزش کرتے ہوئے دیکھیں گے۔
وہ دن گئے جب آپ بغیر پیشگی منصوبہ بندی کے کام کر سکتے تھے۔ بچوں کے بعد کھانا، چھٹیاں اور گھر سے باہر نکلنے کے بارے میں سوچا اور منصوبہ بنایا جاتا ہے۔ آپ اس بات کو یقینی بنانا سیکھتے ہیں کہ باہر جانے سے قیلولے کا وقت متاثر نہ ہو، یا رات کا کھانا اتنا آسان ہو کہ آپ اپنی ٹانگوں سے بچہ چمٹا ہونے کے باوجود بھی بنا سکیں۔
شاپنگ پر جانے کے لیے یا تو آپ کے بچے کو باہر جانے کے لیے تیار کرنا ہوتا ہے یا اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ آپ کا شریک حیات یا خاندان کا کوئی فرد آپکے بچے کو دیکھ سکے۔ منصوبہ بندی آپکی زندگی میں کامیابی کا لازمی جزو بن جاتا ہے۔
آپ کی شادی
جو وقت آپ اپنے شریک حیات کے ساتھ صوفے پر بیٹھ کر فلمیں دیکھنے یا ایک ساتھ پڑھنے میں گزارتے تھے وہ بچہ پیدا ہونے کے بعد غائب ہو جاتا ہے۔ اب وہ وقت بچے کے کپڑے بدلنے، فیڈر بنانے، یا گھر کے کاموں میں لگ جاتا ہے۔ آپ کے اور آپ کے شریک حیات کے پاس ایک ساتھ گزارنے کے لیے بہت کم وقت ہوتا ہے، لیکن آپ اپنے بچے کی دیکھ بھال کرتے ہوئے اپنے شریک حیات کے ساتھ تعلق قائم کرنے کے نئے طریقے سیکھتے ہیں۔
دوستیاں
جب آپ کا بچہ پیدا ہوتا ہے، تو آپ کچھ دوستوں کے ساتھ کم اور دوسرے دوستوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ جن دوستوں کے بچے ہیں ان کے ساتھ گھومنے میں آپکو زیادہ مزہ آتا ہے۔ جب آپ کسی مسئلے کی وجہ سے وقت پر نہ پہنچ سکیں تو وہ زیادہ بہتر طور پر آپ کو سمجھ سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ، آپ کے بچے ایک ساتھ کھیل سکتے ہیں جب آپ کو کچھ انتہائی ضروری معاملات پر گفتگو کرنے کیلئے وقت ملتا ہے۔
ایک نئی زندگی
والدین بننا آپ کو ایک فرد کے طور پر بدل دیتا ہے۔ آپ کو ایک اندرونی طاقت اور اعتماد ملتا ہے۔ چھوٹی چھوٹی چیزیں، جیسے کہ ہر روز گھر کی صفائی کرنا یا اپنے بالوں کو بنانا، غیر اہم ہو جاتے ہیں۔ آپ صرف اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ آپ کا بچہ خوش اور صحت مند ہے۔ آپ کی زندگی نہ صرف کاموں بلکہ اپنے بچے کی محبت سے بھی بھرپور ہو جاتی ہے اور آپ اپنے بچے کی آنکھوں سے دنیا کو دیکھنا شروع کر دیتے ہیں۔
میں مبین آفتاب اردو کانٹنٹ رائٹر ، میں تعلیم کے شعبے سے منسلک ہوں۔ ویسے تو عمر کے لحاظ سے میں 32 سال کا ہوں پر تجربے کے اعتبار سے اپنی عمر سے کئی گنا بڑا ہوں میں ایک بچی کا باپ ہوں اور چاہتا ہوں کہ ہماری نئی نسل اردو کو وہ مقام دے جو بحیثیت ایک قومی زبان اس کا حق ہے۔