دل جسم کو خون کے ذریعے توانائی اور آکسیجن فراہم کرتا ہے۔ خون کو جسم کے ہر حصے تک پہنچانے کے لئے دل اس کو ایک خاص رفتار اور پریشر سے پمپ کرتا ہے۔ شریانوں پر خون کا یہ دبائو بلڈپریشر یا فشار خون کہلاتا ہے۔ ایک خاص حد تک یہ پریشر انسان کی زندگی کے لئے ضروری ہے جب کہ اس کا کم یا زیادہ ہو جانا بیماری کا باعث بنتا ہے اور صحت کے لئے نامناسب ہے۔ بلند فشار خون صحت کے لئے بہت سے مسائل کا آغاز بن سکتا ہے جن میں سر فہرست دل کا عارضہ ہے۔
ہر صحت مند انسان بلند فشار خون یعنی ہائی بلڈ پریشر سے بچنا چاہتا ہے۔ لیکن آج کل ایسے کھانے اور طرز زندگی عام ہے کہ جو بلڈ پریشر اور دیگر بہت سی بیماریوں کا موجب بنتا ہے۔ کیا آپ بھی ہائی بلڈ پریشر سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں؟
ذیل میں کچھ ایسی ہی آسان تدابیر بیان کی گئی ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر آپ ہائی بلڈ پریشر سے بچ کر دل کی صحت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
ہائی بلڈ پریشر کی وجوہات کا علم ہونا ضروری ہے
کسی بھی مرض سے بچنے کے لیے اس کی وجوہات اور علامات کا جاننا اہم ترین ہے۔ بلڈ پریشر کی وجوہات میں نمک سے لبریز کھانوں کا استعمال، موٹاپا، ذیابیطس،گردوں کے عوارض، اور خاندان میں اس بیماری کا ہونا ہیں۔ اگر یہ وجوہات آپ پر لاگو ہوتی ہیں تو آج ہی سے ان کا سدباب کرنے کی عملی کوشش ہی آپ اس بیماری سے بچا سکتی ہے۔
ساکن و جامد زندگی کو خیر باد کہئیے
کیا آپ تمام دن ایک جگہ سے اٹھ کر دوسری جگہ بیٹھ کر گزار دیتے ہیں؟ یا آپ کے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ آپ کو دن کا بیشتر حصہ بیٹھ کر گزارنا پڑتا ہے؟ وجہ کچھ بھی ہو لیکن جان لیجیئے کہ مستقل بیٹھے رہنے سے گویا آپ بہت سی بیماریوں کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔
ہر آدھے گھنٹے بعد اٹھ کر چلنا پھرنا یا سیڑھیاں چڑھنا یا کسی بھی قسم کی جسمانی مشقت میں مشغول ہونا آپ کو بلڈ پریشر کی بے اعتدالیوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
وزن کم کیجیئے
اگر آپ کا وزن زیادہ ہے تو اس کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ بڑھا ہوا وزن نہ صرف بلڈپریشر اور دل کی بیماریوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے بلکہ یہ آپ کی سماجی و عائلی زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ وزن میں کمی کے لئے مرہم کے آن لائن کلینک سے مدد حاصل کیجیئے۔
ذہنی دبائو کا تدارک کیجیئے
زندگی میں بہت سی وجوہات ذہنی دبائو اور پریشانی کا سبب بنتی ہیں۔ ان میں سے منفی محرکات کو کم کیجیئے اور ان سے بچنے کی کوشش کیجیئے۔ ذہنی دبائو میں اضافہ بلند فشار خون کا باعث بن سکتا ہے۔ اگر آپ ذہنی خلفشار اور ڈپریشن کا شکار ہیں تو علاج اور مدد حاصل کرنے سے جھجھکنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ آن لائن مدد اور مشورے کے لئے مرہم ویب سائٹ کا استعمال ایک آسان طریقہ ہے۔
اس کے علاوہ اچھی اور متوزن غذا کا استعمال نہ صرف بلڈپریشر سے بچاتا پے بلکہ آپ کی مجموعی صحت کی بہتری کے لیے بھی اچھی غذا کا استعمال ضروری ہے۔ مثبت سوچ اور صحت مند مشاغل اپنانا بھی دل کی صحت کے لئے مفید ثابت ہوتا ہے۔