وزن میں اضافہ اگر ہو جاۓ تو اس سے بہت ساری بیماریاں انسان کے جسم میں پیدا ہوتی ہیں. عام طور پر سب کا یہ ماننا ہے کہ وزن میں اضافے میں کہیں نہ کہیں انسان کی اپنی کچھ کوتاہیاں ہوتی ہیں جو کہ اس کا سبب بنتی ہیں۔
غیر صحت مند طرز زندگی اس میں سب سے اہم ہوتی ہے ۔ غیر متوازن غذا ، ورزش نہ کرنا سب ایسے عوامل ہیں جو کہ وزن میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں لیکن بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہوں گے کہ ہماری اپنی کچھ غلطیوں کے سبب رات میں سونے کے دوران بھی ہمارے وزن میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔
اگر آپ نیند کے حوالے سے کسی بھی قسم کے مسائل کا شکار ہیں یا آپ کے وزن میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے تو اس صورت میں آپ کو فوری طور پر کسی ماہر اور مستند ڈاکٹر کے مشورے کی ضرورت ہے ۔ ایسے تجربہ کار ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ لینے یا مشورہ کرنے کے لیۓ مرہم ڈاٹ پی کے کی ویب سائٹ وزٹ کریں یا پھر 03111222398 پر رابطہ کریں
سوتے وقت کی جانے والی غلطیاں جو وزن بڑھائيں
ماہرین کی تحقیق کے مطابق موٹاپے کا شکار افراد وقت سے پہلے مر جانے کے خطرے سے سب سے زیادہ شکار ہوتے ہیں ۔ اور سوتے وقت وزن بڑھانے کا سبب بننے والی ان غلطیوں کو بتانے کا مقصد وقت سے پہلے ان غلطیوں سے بچانا ہے تاکہ آپ لوگ موٹاپے سے محفوظ رہ سکیں۔
نیند نہ آنے پر کچھ نہ کچھ کھانا
ماہرین کے مطابق اگر آپ دس بجے تک سونے کی عادت رکھتے ہیں تو آپ کو رات کا کھانا سات سے آٹھ بجے تک کھا لینا چاہیۓ اور اس کے بعد کچھ بھی نہیں کھانا چاہیۓ۔ کچھ لوگ رات دیر گئے تک جاگتے ہیں اور اس دوران کچھ نہ کچھ کھاتے رہتے ہیں۔
رات گئے دیر تک کچھ نہ کچھ کھانے والے افراد اس کھانےکو ہضم نہیں کرتے بلکہ بیٹھے یا لیٹے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے خون میں کولیسٹرول لیول میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے اس کے علاوہ انسولین لیول بھی بڑھتا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہارمون کے نظام میں بھی خرابی ہوتی ہے جو کہ موٹاپے کا باعث بنتی ہے۔
سونے سے پہلے کافی پینا
رات میں لیٹ کافی پینے سے ایک جانب تو نیند متاثر ہوتی ہے مگر ماہرین کے مطابق سونے سے کم از کم چھ گھنٹے قبل کافی پینی چاہیۓ ۔ ماہرین کے مطابق کافی میں کلوروجینک ایسڈ پایا جاتا ہے جو کہ وزن بڑھانے کا باعث ہوتا ہے اس وجہ سے کافی کو سونے سے قبل پینے سے منع کیا جاتا ہے ماہرین کے مطابق کافی کی جگہ پر جڑی بوٹیوں کا قہوہ پینا مفید ہوم سکتا ہے۔
نیند کی کمی
ایک صحت مند انسان کو ہر رات 7 سے 8 گھنٹوں کی نیند درکار ہوتی ہے۔ اس سے کم نیند کے سبب مختلف قسم کے صحت کے مسائل درپیش ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کی تحقیقات کے مطابق نیند کی کمی کے سبب انسان کا میٹا بولزم سست ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ مناسب نیند نہیں لیں گے تو اس سے تھکاوٹ کا شکار ہو جائیں گے جس کی وجہ سے دن میں جسمانی محنت نہیں کر پائیں گے اور اس طرح سے وزن میں اضافہ ہوگا۔
سونے سے قبل اسکرین کو زیادہ دیر تک دیکھنا
بجلی سے چلنے والی اشیاء میں سے نکلنے والی نیلی روشنی نیند کی کوالٹی کو خراب کرنے کا باعث ہوتی ہے ۔جو افراد رات کو دیر تک موبائل اسکرین یا ٹی وی کی اسکرین دیکھتے رہتے ہیں وہ ان نیلی روشنیوں سے متاثر ہوتے ہیں۔
ان کی وجہ سے جسم میں میلا ٹونن نامی ہارمون کی پیدائش پر اثر پڑتا ہے جو کہ نیند کے سائیکل کو ریگولر کرتا ہے اسی وجہ سے ماہرین کی یہ تجویز ہے کہ سونے کے لیۓ لیٹنے کی صورت میں اگر نیند نہ آۓ تو اس صورت میں اسکرین دیکھنے کے بجاۓ کوئی کتاب پڑھ لینا زیادہ بہتر ثابت ہوتا ہے۔
رات کو دیر تک سونے کا الارم لگانا
سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق جو لوگ سحر خیز ہوتے ہیں اور جو صبح سویرے جاگ جاتے ہیں ان کا وزن شاذ و نادر ہی بڑھتا ہے۔ اور جو لوگ سورج کے چڑھنے کے بعد دیر تک سوتے رہتے ہیں وہ بہت ہی آسانی سے موٹاپے کا شکار ہو جاتے ہیں۔
دوسرے لفظوں میں جو لوگ رات ہی سے اس بات کا ارادہ کر لیتے ہیں کہ وہ صبح دیر تک سوتے رہیں گے اور دوپہر میں جاگتے ہیں تو ایسے افراد فوری موٹاپے کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان کا وزں تیزی سے بڑھتا ہے۔
کمرے کا ماحول
کمرےکا ماحول وزن میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے یہ بات سننے میں اگرچہ حیرت انگیز لگتی ہے مگر عملی طور پر یہ بات درست ہے کیونکہ اکثر افراد کے کمرے کی کلر اسکیم بہت تیز اور چیختے چنگھاڑتے رنگوں پر مشتمل ہوتی ہے ایسے افراد کو رات کو سونے میں سخت دشواری ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ نیند کی کمی کے سبب موٹاپے کا شکار ہو جاتے ہیں۔