کیا آپ سلیپ اپنیا کا شکار ہیں؟
سلیپ اپنیا کیا ہے؟
سلیپ اپنیا نیند کے دوران سانس ہموار نہ رہنے کی بیماری ہے۔اس مرض میں مریض کو نیند کے دوران سانس لینے میں دشواری ہوتی جس کی وجہ سے متاثرہ شخص لا شعوری طور پر بار بار بیدار ہوتا ہے اور سو جاتا ہے۔اس مرض میں دماغ اور باقی جسم کو آکسیجن کی فراہمی کم ہو جاتی ہے۔
سلیپ اپینا کی اقسام
سلیپ اپنیا دو طرح کا ہوتا ہے۔
ابسٹریکٹیو سلیپ اپنیا
یہ سلیپ اپنیا کی سب سے عام قسم ہے جو سانس کی نالی میں رکاوٹ کی وجہ سے ہوتی ہے۔
سینٹرل سلیپ اپنیا
سلیپ اپنیا کی یہ قسم دماغ کی پیغام رسائی میں خرابی کی وجہ سے ہوتی ہے۔
سلیپ اپنیا کا شکار کون ہو سکتا ہے؟
۔ جن افراد کا وزن زیادہ ہو۔
۔ جو لوگ چالیس سال سے زیادہ عمر کے ہوں۔
۔ مرد حضرات
۔ جن لوگوں کو ٹانسلز کے مسائل ہوں۔
۔ جن افراد کے خاندان میں کوئی اس مرض کا شکار ہو۔
۔ جو لوگ سانس کی تکالیف اور الرجی کا شکار ہوں۔
۔ سینے کی جلن اور تیزابیت کے مریض۔
سلیپ اپنیا کی علامات
۔ نیند سے اچانک جاگنے پر حلق خشک اور کڑوا ہونا
۔ بلند آواز میں خراٹے لینا۔
۔ سانس میں گھٹن کی وجہ سے جاگ جانا۔
۔ دن کے وقت نیند کا غلبہ طاری رہنا۔
۔ 6 سے آٹھ گھنٹے کی نیند کے باوجود دن بھر طبیعت بوجھل رہنا۔
۔ بے سکون نیند۔
۔ بلڈ پریشر بڑھ جانا۔
۔ ازدواجی زندگی میں عدم دلچسپی۔
۔ بھولنا اور مزاج کا بدلنا۔
۔اضمحلال اور افسردگی(ڈپریشن)۔
۔ روزمرہ کاموں میں عدم دلچسپی۔
سلیپ اپنیا سے ہونے والے مسائل
اگر سلیپ اپینا کا علاج نہ کیا جائے تو یہ صحت کے بہت سے مسائل کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔
۔ ناکامی قلب
۔ ذیابیطس
۔ اضمحلال(ڈپریشن)
۔ سر درد
۔دل کی بیماریاں۔
۔ اچانک موت۔
۔ فالج۔
۔کمزور یادداشت۔
سلیپ اپنیا کی تشخیص
اگر آپ سلیپ اپنیا کی علامات کا شکار ہیں تو معالج آپ کو سلیپ اپنیا ٹیسٹ کروانا تجویز کرے گا۔اس کو پولی سومنوگرام کہا جاتاہے۔یہ ٹیسٹ آپ کے گھر پر یا پھر اس مقصد کے لیے بنائے گئے سلیپ سنٹر پر ہو سکتا ہے۔پولی سومنوگرام یا سلیپ سٹڈی میں سانس ، قلب کے متفرق اجزأ اور جسمانی حرکات کا برقی آلات کی مدد سے جائزہ لیا جاتا ہے۔اس جائزے میں استعمال ہونے والے ٹیسٹ اور آلات یہ ہیں۔
۔ای۔سی۔جی جو کہ الیکٹرو کارڈیوگرام کا مخفف ہے۔اس کے ذریعے دل کی دھڑکن کی رفتار اور موزونیت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
۔ ای۔ای۔جی جو کہ الیکٹرو انسفیلو گرام کا مخفف ہے۔اس کے زریعے دماغ کی کارکردگی کا جائزہ یا جاتا ہے۔
۔ ای۔او۔جی الیکٹرواوکیولوگرام کا مخفف ہے۔اس کی مدد سے آنکھ کی حرکات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
۔ ای۔ایم۔جی الیکٹرومائیو گرام کا مخفف ہے۔اس کے استعمال سے پٹھوں کی حرکات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
۔ سنور سنسر کی مدد نیند میں لیے جانے والے خراٹوں کو ریکارڈ کیا جاتا ہے۔
۔ نیزل ائیر فلو سنسر ہوا کی آمدورفت کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔