شدید سردی کی لہر نے اس وقت پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے کسی جگہ شدید برفباری کے ساتھ طوفانی ہواؤں کا راج ہے تو کہیں سرد، خشک ہواؤں نے ڈیرہ ڈالا ہوا ہے۔اس قسم کا شدید سردی کا موسم انسانی جسم اور صحت پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے اور منجمد کر دینے والا یہ درجہ حرارت مختلف طریقوں سے آپ کے جسم کو متاثر کر سکتا ہے
شدید سردی کے ساتھ فراسٹ بائٹ کا تجربہ
یونیورسٹی آف روچیسٹر میڈیکل سینٹر کے مطابق، فراسٹ بائٹ ایک سنگین حالت ہے جس میں آپ کی جلد اور ٹشوز ایک عرصے تک شدید سردی میں رہنے کے بعد جم جاتے ہیں فراسٹ بائٹ ، جو عام طور پر آپ کی انگلیوں، کانوں اور ناک پر ہوتا ہے خون کی نالیوں اور بافتوں کو شدید اور مستقل نقصان پہنچا سکتا ہے
خوش قسمتی سے بہت کم لوگ ہی اس مقام تک پہنچتے ہیں کیونکہ ہمارا فراسٹ نپ ہمیں اس مقام پر پہنچنے سے پہلے وارننگ جاری کر دیتا ہے۔ فراسٹ نپ، فراسٹ بائٹ سے ہلکا ہوتا ہےاور اس کی علامات میں جلد کا سرخ ہونا، جھنجھوڑنا یا بے حسی شامل ہے اگر آپ شدید سردی میں گھر سے باہر ہیں اور ان علامات میں سے کسی کا سامنا کرتے ہیں تو فوری طور پر خود کو گرم کریں یا کسی گرم مقام پر منتقل کریں
شدید سردی ہائپوتھرمیا کا باعث بن سکتی ہے
حال ہی میں مری میں پیش آنے والے سانحہ میں برف باری میں پھنسے 20 افراد کی جان چلی گئی جس کی ایک وجہ ہائپوتھرمیا بھی ہو سکتی ہے کیونکہ وہ کافی گھنٹوں تک برف میں پھنسے رہے تھے۔
ہائپوتھرمیا اس وقت ہوتا ہے جب کسی شخص کا جسم بہت زیادہ تیزی سے گرمی کھو دیتا ہے اور اور اس کے جسم کا درجہ حرارت بہت زیادہ کم ہو جاتا ہے ۔ کم درجہ حرارت کی وجہ سے آپ کا دل، اعصابی نظام اور دیگر اعضاء اپنا کام کرنا سست کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے، نظام تنفس خراب ہونے اور ممکنہ طور پر موت کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے
ہائپوتھرمیا کی علامات میں کانپنا، آہستہ سانس لینا، قوت گویائی کا صلب ہونااور جھنجھلاہٹ شامل ہیں۔اس سے کسی بھی عمر کے افراد متاثر ہو سکتے ہیں
ونڈ برن آپ کے گالوں کو سرخ بنا سکتا ہے
شدید سردی اور ہوا میں کم نمی کی وجہ سے جلد اپنا قدرتی تیل کھو دیتی ہے جس کی وجہ سے ونڈ برن ہوتا ہے۔ ونڈ برن کی وجہ سے آپ کی جلد چمکدار دکھائی دیتی ہےلیکن یہ اپ کی جلد کو سرخ، خشک اور خارش زدہ بنا دیتا ہے اس کے علاوہ یہ آپ کی جلد کے پھولنے اور گرم ہونے کا بھی سبب بن سکتا ہے
ونڈ برن سے بچنے کے لئے سردی میں باہر نکلتے وقت اپنے چہرے اور ہاتھوں سمیت جلد کو زیادہ سے زیادہ ڈھانپیں
بہتی ناک کا سبب بن سکتی ہے
شدید سردی کا ایک اور اثر جو انسانی جسم پر سب سے زیادہ اثرانداز ہوتا ہے وہ ہے ناک کا بہنا، دراصل سردی میں ناک کا بہنا جسم کو گرم رکھنے کے طریقوں میں سے ایک ہو سکتا ہے
چونکہ آپ کی ناک سرد ہوا کو پھیپھڑوں تک پہنچنے سے پہلےگرم کرنے، نمی بخشنے اور صاف کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہذا جب ناک کو ٹھنڈی ہوا لگتی ہے تو یہ ناک کے اندر مثالی مرطوب حالات کو یقینی بنانے کے لئے ایک خودکار دفاعی طریقہ کار کے طور پر بلغم کی پیداوار کو بڑھاتی ہے جو کہ سردی کے موسم میں بہتی ناک کا سبب بنتی ہے۔
شدید سردی میں دل کے دورہ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے
جب آپ سرد علاقے میں رہتے ہیں توآپ کے دل کو خون کی گردش کے لئے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہےاور جب آپ برفانی موسم میں چلتے پھرتے ہیں تو ٹھنڈی ہوا آپ کے دل کے مختلف حصوں میں آکسیجن کو غیر مساوی طور پر تقسیم کرنے کا سبب بنتی ہے اور ایسے افراد کے دل میں آکسیجن کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے اور دل کے دورہ کا باعث بن سکتی ہے۔
شدید سردی سانس لینے میں دشواری کا سبب بن سکتی ہے
امریکن لنگس ایسوسی ایشن کے مطابق سرد ہواجو عام طور پر بہت خشک ہوتی ہے آپ کے پھیپھڑوں میں جلن پیدا کر سکتی ہے اور گھرگھراہٹ، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کی وجہ بن سکتی ہے اور یہ عام طور پر دمہ کے مریضوں میں ہوتا ہے۔
ایسے کسی بھی حالات سے نمتنے کے لئے ماہریں شدید سردی میں باہر جاتے وقت اپنی ناک اور منہ کو ماسک یا اسکارف سے ڈھانپنے کا مشورہ دیتے ہیں اس کے علاوہ غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہیں
سرد ہوا جلد کو خشک کر دیتی ہے
سردیوں کے موسم میں جب ہوا سب سے زیادہ سرد اور خشک ہوتی ہے تو آپ کی جلد سب سے زیادہ خشکی کا شکار ہوتی ہے جلد میں نمی کا تناسب برقرار رکھنے کے لئے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کی جلد زیادہ سے زیادہ ہائیڈریٹ رہے اس کے لئے آپ باقاعدگی سے سردی کے موسم میں موئسچرائزنگ کریمز کا استعمال کریں،کم سے کم صابن کا استعمال کریں،اس کے علاوہ جلد کو رگڑنے یا کھرچنے سے پرہیز کریں۔
موٹاپے سے نجات پانا آسان ہوتا ہے
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سرد موسم کا ایک فائدہ یہ ہے کہ سردی میں ہمارا جسم زیادہ کیلوریز جلانے لگتا ہے تاکہ جسم کو گرم رکھا جا سکے۔ اس طرح سے آپ پوری طرح تو اپنا وزن کم نہیں کر سکتے لیکن وزن کم کرنے کے لئے دیگر طریقوں کو استعمال کر کے جیسے ورزش وغیرہ آپ آسانی سے اپنا وزن کم کر سکتے ہیں۔