نیپی ریش عام طور پر اکثر چھوٹے بچوں کو بے چین کر دیتا ہے ۔ نیپی ریش عام طور پر نمی اور گرمی کی وجہ سے جلد پر پھیلتا ہے جس کی وجہ سے بچے کی ٹانگوں کے نچلے حصے میں سرخ نشان پڑ جاتے ہیں اور بعض اوقات نازک حصوں پر سرخ نشان کے ساتھ ساتھ چھلکے سے بھی بن جاتے ہیں
نیپی ریش کی علامات
نیپی ریش کی صورت میں ایک جانب تو بچہ بے چین رہتا ہے اور جب اس کے ڈائپر کھولے جائیں تو اس جگہ پر سرخ نشانات کے ساتھ ساتھ شدید خارش ہوتی ہے ۔ جو کہ بڑھنے کی صورت میں اس جگہ سے خون رسنا بھی شروع ہو جاتا ہے ۔
نیپی ریش کی وجوہات


بچوں کو ہونے والا نیپی ریش بلواسطہ طور پر درحقیقت ماں کی کچھ بنیادی کوتاہیوں کے سبب ہوتا ہے ویسے تو اس بات کو سب ہی تسلیم کریں گے کہ کوئی بھی ماں اپنے بچے کو جان بوجھ کر تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی ہے مگر بعض اوقات ماں کی کچھ کمزوریاں بچے کو تکلیف دینے کا سبب بن سکتی ہیں
ان وجوہات کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے
زیادہ دیر تک ڈائپر کے گندے ہونے کے باوجود اسکو تبدیل نہ کرنا ۔ اور بچے کی جلد کا زیادہ دیر تک پیشاب یا پاخانے کے باوجود صاف نہ ہونا
ڈائپر کا جلد پر بار بار رگڑ لگنا
ڈائپر تبدیل کرنے کے بعد بھی بچے کی ٹانگوں کو دھو کر صاف نہ کرنا
گزشتہ کچھ دنوں میں بچے کا اینٹی بایوٹک ادویات کا استعمال جس کے ری ایکشن میں بچے کی ٹانگوں پر ریش ہو سکتے ہیں
نیپی ریش کو دور کرنے کے گھریلو ٹوٹکے
نیپی ریش کو دور کرنے کے لیۓ ماؤں کو چاہیۓ کہ ان تدابیر پر عمل کریں تاکہ بچے کو تکلیف سے آرام مل سکے
بچے کے ڈائپر کو تبدیل کرنا
اگر بچے کو نیپی ریش ہو جاۓ تو اس صورت میں ماؤں کو بچے کے ڈائپر کے حوالے سے زیادہ حساس ہو جانا چاہۓ ہے ۔ اور بچے کو زیادہ دیر تک گیلا رہنے نہیں دینا چاہیۓ کیوں کہ اگر نیپی ریش کے ساتھ زيادہ دیر تک ڈائپر بندھا رہے تو جلد کی صورتحال شدید حد تک خراب ہو سکتی ہے
کپڑوں کے ڈٹرجنٹ یا ڈائپر کا برانڈ بدل دیں
بعض اوقات نیپی ریش کا بڑا سبب بچے کی جلد پر ہونے والی الرجی بھی ہو سکتی ہے ۔ یہ الرجی بچوں کے کپڑے دھونے کے ڈٹرجنٹ کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے اور بعض اوقات کپڑوں کو اگر ٹھیک سے کھنگالا نہ جاۓ اور ان میں سے ڈٹرجنٹ نہ نکالا جاۓ تو اس صورت میں بھی ریش ہو سکتا ہے
اسکے علاوہ اگر ڈائپر کا برانڈ بچے کی جلد کو سوٹ نہیں کر رہا ہو تو اس صورت میں بھی نیپی ریش ہو سکتی ہے اس وجہ سے ایسی صورتحال میں بچے کے ڈائپر کا برانڈ تبدیل کرنے سے بھی نیپی ریش ختم ہو سکتا ہے
مرہم یا جیلی لگائیں


عام طور پر ڈاکٹر حضرات کے مطابق نیپی ریش کو دور کرنے کے لیۓ اس مرہم کا استعمال کیا جاے جس میں زنک موجود ہوتی ہے زنک کی موجودگی کی وجہ سے جلد پر موجود ریش میں آرام ملتا ہے اس کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ بچے کی جلد کے ساتھ پیشاب یا پاخانہ براہ راست لگ نہ سکے
اس وجہ سے بچے کی جلد پر اچھی طرح سے پٹرولیم جیلی کی ایک تہہ لگا دیں تاکہ بچے کی جلد براہ راست پیشاب وغیرہ سے متاثر نہ ہو سکے
بے بی وائپس کے استعمال میں احتیاط کریں
بے بی وائپس کا استعمال آج کل بہت بڑھ چکا ہے زیادہ تر مائیں سستی اور آرام طلبی کے سبب ڈائپر تبدیل کرتے ہوۓ بچے کی ٹانگوں کو بے بی وائپس سے صاف کر لیتی ہیں اور دوسرا ڈائپر باندھ دیتی ہیں
بے بی وائپس میں الکحل کے استعمال کے سبب یہ بار بار جب جلد کے ساتھ لگتے ہیں تو اس سے جلد پر نیپی ریش ہو جاتے ہیں اس وجہ سے بے بی وائپس کا استعمال اشد ضرورت کے علاوہ نہ کیا جاے ۔ اور ڈائپر کو تبدیل کرنے کے بعد ٹانگوں کو دھونے کے بعد اچھی طرح خشک کر یں اور اس کے بعد دوسرا ڈائپر لگائيں
کچھ غذائيں جو نیپی ریش کا باعث بن سکتی ہیں
عام طور پر نیپی ریش کا بنیادی سبب پیشاب اور پاخانے کی تیزابیت ہوتی ہے بعض ایسی غذائیں مثال کے طور پر سٹرک ایسڈ والے پھل کا ٹماٹر وغیرہ کے زیادہ استعمال سے پیشاب اور پاخانے میں تیزابیت میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے نیپی ریش ہو سکتی ہے اس وجہ سے ایسی چیزیں کھانے میں احتیاط کرنی چاہیے
ڈاکٹر سے کب رجوع کرنا چاہۓ


عام طور پر بچے کی یہ تکلیف گھریلو ٹوٹکوں سے ہی ٹھیک ہو جاتی ہے مگر بعض اوقات اس کی علامات میں کچھ ایسی شدت بھی آجاتی ہے جن کے سامنے آنےکی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہوتا ہے
نیپی کی جگہ پر چھالے بن جانا اور اس کے ساتھ ساتھ بخار ہو جانا ، اگر ان چھالوں میں پس کے ساتھ ساتھ پانی بھی نکل رہا ہو تو اس صورت میں گھریلو ٹوٹکوں کے بجاۓ کسی بچوں کے مہار ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیۓ