میرے ایک دوست کا رات میں فون آیا کہ گاڑی لے کر فورا پہنچوں اس کے ابو کو دل کا دورہ پڑ گیا ہے ۔ میں گاڑی لے کر جب اس کے گھر پہنچا تو اس کے والد سینے پر ہاتھ رکھ کر پسینہ پسینہ ہوۓ جا رہے تھے جب کہ اونچے اونچے ڈکار بھی لے رہے تھے ۔ ان کی حالت نے مجھے بھی خوفزدہ کر دیا اور میں نے ایک لمحہ ضائع کیۓ بغیر ان کو پکڑ کر گاڑی میں بٹھایا اور تیزی سے دل کے ہسپتال کی ایمرجنسی کی طرف گاڑی دوڑا دی ۔
جب ہسپتال پہنچے تو دوست کے ابو کی حالت اس حوالے سے بہتر ہو چکی تھی کہ ان کے پسینے تو گاڑی میں باہر سے لگنے والی ہوا کی وجہ سے سوکھ چکے تھے لیکن وہ ابھی بھی بڑے بڑے ڈکار لے رہے تھے
ہسپتال پہنچتے ہی ان کی ای سی جی کی گئی اور داکٹر نے بتایا کہ ان کا بلڈ پریشر تھوڑا بڑھا ہوا ہے لیکن ان کو دل کا دورہ نہیں پڑا ہے بلکہ یہ سب کچھ گیس کی وجہ سے ہوا ۔ میں حیرت سے ڈاکٹر کا منہ دیکھ رہا تھا ۔میرا دل یہ ماننے کو تیار ہی نہیں تھا کہ گیس کسی انسان کو اس حال پر بھی پہنچا سکتی ہے
گھر آتے ہی اس حوالے سے جب میں نے اپنی بہن سے بات کی جو کہ ایک گیسٹرونیٹرو لوجسٹ تھی تو اس کی باتوں نے مجھے حیران کر دیا اور یہ مضمون لکھنے پر مجبور کر دیا تاکہ دوسرے لوگ بھی اس مضمون کے ذریعے معدے کی گیس اور تیزابیت کے متعلق اپنے نظریات دور کر سکے
معدے کی تیزابیت سے کیا مراد ہے
معدے کی تیزابیت سے مراد ایک بیماری ہے جس کو میڈیکل کی زبان میں گیسٹرو ایسو فیگل ریفلکس کہتے ہیں یہ بیماری درحقیقت معدے اور ایسو فیگس کے درمیان موجود ایک والو کے ٹھیک سے کام نہ کرنے کے سبب ہوتی ہے اس والو کا کام معدے سے آنے والی چیزوں کو واپس ایسو فیگس میں آنے سے روکنا ہوتا ہے لیکن اس کے ڈھیلے ہونے کے سبب معدے کے تیزابی خامرے واپس ایسو فیگس میں آجاتے ہیں اور تیزابیت اور سینے کی جلن کا باعث بنتے ہیں
معدے کی تیزابیت کی وجوہات
غیر صحت مند طرز زندگی اس کا بنیادی سبب ہوتے ہیں ۔ جن میں سے کچھ اس طرح ہیں ۔ سافٹ ڈرنک ، بازاری مرچ مصالحوں والے کھانوں کا استعمال ، تمباکو نوشی یا شراب نوشی ، حالت حمل ، ادویات کا سائڈ افیکٹ وغیرہ ایسے اسباب ہیں جن کی وجہ سے گیس اور جلن کی شکایت ہو سکتی ہے
گیس سے کیا مراد ہے اور اس میں اور معدے کی تیزابیت میں کیا تعلق ہے
اس بات کو کوئی تسلیم کرے یا نہ کرۓ ہر انسان کو گیس ضرور ہوتی ہے ۔ ہمارا نظام ہاضمہ کھانے کو قابل ہضم بنانے کے دوران مستقل طور پر گیس بناتا ہے جس کو کبھی لوگ ڈکار کی صورت میں منہ کے راستے نکال دیتے ہیں جب کہ کچھ لوگ اس گیس کو مقعد کے راستے خارج کرتے ہیں ۔ اور گیس کا معدے کی تیزابیت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے
گیس کیسے بنتی ہے
عام طور پر ہمارے کھانے کے انہضام کا عمل چھوٹی آنت میں اختتام پزیر ہوتا ہے لیکن بعض کھائی جانے والی چیزیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو کہناقابل ہضم حالت ہی میں بڑی آنت میں چلی جاتی ہیں ۔ جہاں موجود بیکٹیریا اس غذا کو توڑتے ہیں جس کے سبب گیس میں ایک ناگوار بو بھی ہوتی ہے جو کہ اس کھانے کے سڑانے کی ہوتی ہے
گیس اور معدے کی تیزابیت کی علامات اور علاج
اگرچہ میڈیکل سائنس اب تک معدے کی تیزابیت اور گیس کے درمیان باہمی تعلق جاننے میں ناکام رہی ہے ۔لیکن ان کا ماننا ہے کہ صحت مند طرز زندگی کو اپنا کر اس سے بچا جا سکتا ہے ۔ کم مرچوں والے کھانے ، وقت پر کھانا کھانا ، زيادہ تلی ہوئي چیزوں سے پرہیز اور زيادہ سے زیادہ پانی کا استعمال ان بکالیف سے محفوظ رہنے میں مدد دیتے ہیں
لیکن اگر تکلیف جاری رہے تو اس صورت میں مرہم ڈاٹ پی کے کی ایپلی کیشن ڈاون لوڈ کریں یا 03111222398 پر رابطہ کر کے بہترین ڈاکٹروں سے رجوع کریں اور گھر بیٹھے علاج کروائيں