کوڑ تمہ صحرا میں اگنے والا بیل نما پودا ہے جو تربوز کے خاندان سےتعلق رکھتا ہے اور کافی حد تک اس سے مشابہ بھی ہوتا ہے مگر اس کی طرح میٹھا نہیں ہوتا ہے بلکہ ذائقے کے اعتبار سے سخت کڑوا ہوتا ہے ۔ غذائيت کے اعتبار سے پروٹین سے بھر پور اس پھل کو لوگ مربہ بنا کر بھی کھاتے ہیں
کوڑتمہ کے فوائد
جس طرح اس جہاں میں اللہ تعالی نے کسی بھی چیز کو بغیر مقصد کے پیدا نہیں کیا ہے اسی طرح کوڑ تمہ کا پودا ، اس کی جڑیں اس کا پھل ہر ہر چیز کسی نہ کسی حوالے سے انسان کے لیۓ مفید ہوتی ہے اور اس کا استعمال کیا جاتا ہے
جراثيم کش دوا کے طور پر
عام طور پر گاؤں دیہاتوں میں کوڑ تمہ کی جڑ کا استعمال زخموں کو جراثيموں سے محفوظ رکھنےکے لیۓ کیا جاتا ہے ۔ اس وجہ سے کسی بھی زخم لگنے کی صورت میں اس کی جڑوں کا رس نکال کر زخم پر لگانے سے وہ نہ صرف جراثيم سے محفوظ رہتا ہے بلکہ جلد بھر بھی جاتا ہے
کیڑے مار دوا کے طور پر
عام طور پر فصلوں اور گھروں میں بھی کیڑے مکوڑوں کو مارنے کے لیۓ کوڑ تمہ کے پتوں کا رس بہت مفید ہوتا ہے اور ایک سستا اور موثر تریں اسپرے ہے اس کی تیاری کے لیۓ کوڑ تمہ کے پتوں کو لے لیں اور ان کا رس اچھی طرح نچوڑ لیں اس کے بعد اس اسپرے کو فصلوں پر کریں اس سے ایک جانب تو اس کے مضر صحت اثرات نہیں ہوتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ یہ کم قیمت بھی ہوتا ہے اور کارآمد بھی
ایک سستا ایندھن
کوڑتمہ غذائيت سے بھر پور پھل ہے اسی طرح اس کے بیچ بھی بہت فائدہ مند ہوتے ہیں اس کے بیچوں سے نکلنے والا تیل گاؤں میں بطور بائيو فیول استعمال کیا جاتا ہے جو کہ بہت ہی سستا اور آسانی سے حاصل ہو جانے والا فیول ہے
ذيابطیس کےمریضوں کے لیۓ
کوڑ تمہ کو ذیابطیس کے مرض کے لیۓ یونانی حکما اتنی ہی اہمیت دیتے ہیں جو اہمیت میڈیکل سائنس میں انسولین کی ہے ۔ جس طرح انسولین ذیابطیس کے مریضوں کی شوگر لیول کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوتا ہےاسی طرح اگر کوڑ تمہ کا استعمال باقاعدگی سے کیا جاۓ تو یونانی حکما کے مطابق یہ بھی انسولین ہی کی طرح موثر ثابت ہوتا ہے اس کا استعمال کا طریقہ کچھ اس طرح سے ہے
کوڑ تمہ کے تازہ پھل کو لے لیں اور اس کا آدھا کلو رس نکال لیں ۔ اس کے بعد اس رس میں آدھا پاؤ کالے چنے بھگو دیں یہاں تک کہ کالے چنے سارے پانی کو خود میں جزب کر لیں اس کے بعد ان چنوں کو دھوپ میں سوکھنے کے لیۓ رکھ دیں یہاں تک کہ وہ بالکل سوکھ جائيں تو ان کو اچھی طرح سے پیس لیں اس کے بعد اس سفوف کو کیپسول میں بھر لیں اور روزانہ صبح ایک کیپسول کھائيں اور شوگر لیول کو چیک کریں حکما کے مطابق اس کا فوری اثر ہو گا اور شوگر کنٹرول ہو جاۓ گی
اس کےعلاوہ پنسار سے پسی ہوئي حالت میں بھی کوڑ تمہ مل جاتا ہے جس کو کیپسول میں بھر کر استعمال کرنے سے بھی شوگر لیول کنٹرول ہو جاتا ہے
مگر یادرکھیں کہ ذیابطیس اب تک قابل علاج مرض نہیں ہے اس وجہ سے کوڑ تمہ یا دیگر کسی بھی قسم کے ٹوٹکے سے عارضی طور پر شوگر لیول کو کنٹرول تو کیا جا سکتا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ اس کو مستقل طور پر چیک کرنا ضروری ہے
پیٹ درد کے لیۓ
یہ ہاضمے کے حوالے سے بھی بہت مفید ہے دائمی قبض کا خاتمہ کرتا ہے اس کے علاوہ کوڑ تمہ کے اندر سے اس کے بیچ نکال کر اس میں اجوائن کو بھر لیں اور اس کو دھوپ پر خشک کر لیں ۔ اس کے بعد اس کو پیس کر پھکی بنا کر رکھ دیں ۔ پیٹ درد کی صورت میں تھوڑی سی مقدار میں چاٹنے سے درد سے افاقہ ہوتا ہے
کن افراد کو اس کا استعمال نہیں کرنا چاہیے
ایک جانب تو کوڑ تمہ بہت سارے حوالوں سے بہت فائدہ مند ہے اس کے ساتھ ساتھ کچھ افراد کے لیۓ اس کا استعمال خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے اس وجہ سے ایسے افراد کو چاہیۓ کہ وہ کوڑ تمہ کا استعمال نہ کریں
حاملہ خواتین کے لیۓ اس کا استعمال سختی سے منع ہے کیوں کہ یہ حمل کو ضائع کردیتا ہے۔ اسکے علاوہ بواسیر کے مریضوں کے لیۓ بھی اس کا استعمال منع ہے کیوں کہ یہ تکلیف میں اضافے کا باعث ہو سکتا ہے