اگر آپ محو فکر ہیں کہ کیا آپ یا آپ کے خاندان کا کوئی فرد الزائمر یا کسی دوسرے دماغی کمزوری اور بھولنے کے مرض میں مبتلا ہیں تو نیچے دی گئی علامات کا مشاہدہ کریں اور اگر کوئی ان میں سے ایک یا زیادہ سے متاثر ہے تو اس کے بارے میں فوری اپنے معالج سے مشورہ کریں۔ یہ علامات کسی اور بیماری کی بھی ہو سکتی ہیں۔ جلد تشخیص اور مناسب علاج سے مستقبل کی کسی بڑی پریشانی سے بچا جا سکتا ہے۔
Read Also: 3 memory tricks to help you remember everything
الزائمر کی چند ابتدائی علامات یہ ہیں۔
یادداشت کی کمزوری
الزائمر کی سب سے پہلی اور عام علامت یاداشت کی کمی ہے جو روزمرہ زندگی کے معمولات نبھانے میں دشواری پیدا کرنے لگتی ہے۔اس میں ایک ہی بات کو کئی بار دہرانے ، چھوٹی چھوٹی باتوں کو لکھ کر رکھنے کی ضرورت یا اس کے لیے کسی دوسرے پر انحصار کرنے کی حاجت محسوس کرنا اور تازہ واقعات اور معلومات کو یاد رکھنے میں دقت محسوس کرنا شامل ہیں۔
حالانکہ یاداشت کی کمزوری الزائمر کی سب سے اہم علامت سمجھی جاتی ہے مگر اس کے علاوہ چند دیگر علامات بھی اتنی ہی اہمیت کی حامل ہیں۔
روزمرہ معمولات میں دلچسپی کم ہونا
خود ترسی، روزمرہ معمولات سے لاپرواہی اور لوگوں سے گریز بھولنے کی بیماری کی ابتدائی علامات ہو سکتی ہیں۔اس کے علاوہ روزمرہ زندگی میں درج ذیل تبدیلیاں بھولنے کی بیماری کی موجودگی ظاہر کرتی ہیں۔
۔اپنی پسندیدہ ٹیم کے میچ دیکھنے میں اچانک دلچسپی ختم ہو جانا۔
۔ اپنے پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت گزاری کو بوجھ سمجھنا جب کہ پہلے آپ اس سے لطف اندوز ہوا کرتے تھے۔
۔اپنے دلپسند کاموں میں جیسے کے کڑھائی یا بنائی اور دوستوں سے ماہانہ ملاقات سے جان چھڑانا اس بیماری کی علامات ہو سکتی ہیں۔
جب کہ معمول کی ذمہ داریوں سے تھک کر لمبی چھٹی کی خواہش کرنا اس بیماری کی علامات میں شامل نہیں ہے۔
جگہ اور وقت کا تعین کرنے میں ناکامی
جیسا کہ کبھی آپ گہری نیند سے اٹھیں اور فوری طور پر جگہ اور وقت کا تعین کرنے میں ناکام رہیں ایسی ہی صورتحال الزائمر کے مریضوں میں دیکھی جا سکتی ہے وہ اچانک وقت اور جگہ کی پہچان کھو دیتے ہیں۔یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ایسے مریض سال اور موسم کا اندازہ لگانے میں بھی ناکام رہتے ہیں۔
مقامی بصری مشکلات
مقامی بصری مشکلات بھی بھولنے کی بیماری کی علامات میں سے ایک ہیں۔اس حالت میں مریض چیزوں کی گہرائی کا اندازہ لگانے اور دو چیزوں کے بیچ کے فاصلے کو صحیح جانچنے میں ناکام رہتا ہے۔جانے پہچانے چہروں کی پہچان مشکل ہو جاتی ہے اور روزمرہ معمولات سیڑھیاں چڑھنا، مسجد سے گھر پہنچنا یا کتاب پڑھنا مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا جاتا ہے۔
خیالات کے اظہار اور درست لفظ کی تلاش میں دقت
کیا آپ خود کو اکثر کسی چیز کے لیے استعمال ہونے والے مخصوص لفظ کی تلاش میں سرگرداں پاتے ہیں یا ایسا ہوا ہے کی آپ بہت اچھے لکھاری تھے لیکن اب آپ کے لیے اپنے الفاظ اور خیالات کو صفحہ قرطاس پر منتقل کرنا ناممکن ہوتا چلا جا رہا ہے۔ قوت بیاں کی تبدیلیاں بھولنے کی بیماری یا الزائمر کی علامت ہو سکتی ہے۔
۔اس کے علاوہ معمولی حساب کتاب اور بل ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا بھی بھولنے کی بیماری یا الزائمر کی علامات میں شامل ہے۔
۔ کسی بھی قسم کی نئی صورتحال کا سامنا کرنے سے گھبراہٹ بھی اس بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔
۔ مزاج میں اچانک تبدیلیاں ، معمولی کاموں جیسے کے کپڑے بدلنے میں کئی غلطیاں ہونا اور نئی چیزیں سیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا بھی الزائمر کی علامات میں شامل ہے۔