بریک اپ سے مراد کسی اپنے بہت ہی پیارے سے اچانک ہونے والی جدائی ہے ۔ اس جدائی کے انسان کے ذہن کے ساتھ ساتھ جسم پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں جو کہ بعض اوقات خطرناک بھی ہو سکتےہیں
بریک اپ کے نتیجے میں اگر انسان جزباتی طور پر متاثر ہوتا ہے تو اس سے جسمانی طور پر سر درد اور سینے میں دباؤ جیسی علامات بھی سامنے آتی ہیں اگر ان علامات پر وقت پر قابو نہ پایا جاۓ تو اس کے نتیجے میں انسان ڈپریشن کا بھی شکار ہو سکتا ہے بریک اپ ایک ایسی حالت ہے جس سے انسان تنہا مقابلہ نہیں کر سکتا ہے اس کے لیے اس کو کسی معالج کے سہارے کی لازمی ضرورت ہوتی ہے
بریک اپ سے تنہا مقابلہ کرنا کیوں دشوار ہوتا ہے
میڈیکل سائنس کے مطابق محبت میں مبتلا ہونا ایک نشے کی طرح ہوتا ہے جو کہ انسان کو خوشی فراہم کرتا ہے ۔یہ دماغ کے ان حصوں کو ایکٹو کرتا ہے جو کہ خوشی کا سبب ہوتا ہے اور جب کسی بھی وجہ سے بریک اپ ہوتا ہے یا محبوب سے جدائی ہوتی ہے تو اس صورت میں انسان ذہنی اور جسمانی طور پر عدم توازن کا شکار ہو جاتا ہے
جزباتی دباؤ کے سبب انسان کے جسم میں ایسے ہارمون کا اخراج ہوتا ہے جس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ جیسے انسان دل کے دورے کا شکار ہوسکتا ہے ۔ ایسی حالت کو دل کے ٹوٹنے کا سنڈروم بھی کہا جاتا ہے ۔ اس حالت میں جن دیگر علامات کا سامنا انسان کو کرنا پڑ سکتا ہے وہ کچھ اس طرح سے ہو سکتی ہیں
اداسی ، تنہائی ، بے چارگی نیند اور بھوک کا ختم ہو جانا اس حالت کی علامات میں شامل ہے یہ علامات اس وقت شدت اختیار کر لیتی ہیں جب کہ یہ بریک اپ اچانک ہو یا اچانک بے وفائی کا سامنا کرنا پڑے آپ کم عمر ہوں یا آپ کا تعلق صنف نازک سے ہو
بریک اپ ڈپریشن سے کیا مراد ہے
بریک اپ ہونا اور بریک اپ ڈپریشن کا شکار ہونا دو علیحدہ حالتیں ہیں ۔ کچھ افراد بریک اپ کے بعد کی صورتحال سے دو ہفتوں کے اندر نکل آتے ہیں لیکن اگر یہ کیفیت دو ہفتوں سے زيادہ جاری رہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ بریک اپ ڈپریشن کا شکار ہو رہے ہیں جس سے نکلنے کے لیے آپ کو کسی کی مدد کی ضرورت ہے
اس صورتحال میں موڈ کے ڈس آرڈر کے ساتھ ساتھ آپ کو شدید تھکن ، خالی پن کا احساس ہو سکتا ہے کسی بھی چیز میں دلچسپی محسوس نہ ہونا ، جسم میں درد ہونا ، بار بار خودکشی کا خیال آنا ، خاموش ہو جانا ، کسی بھی قسم کے فیصلہ کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے
بریک اپ ڈپریشن کا شکار افراد
ہر فرد بریک اپ کے بعد اس ڈپریشن کا شکار نہیں ہوتا ہے بلکہ کچھ افراد اس کے خطرے کا شکار ہو سکتے ہیں جن کو اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑے
آپ ماضی میں بھی ڈپریشن کا شکار رہ چکے ہوں توبریک اپ کی صورت میں آپ کا ایک بار پھر ڈپریشن کا شکار ہونے کا امکان زيادہ ہوتا ہے
آپ کسی قسم کے نشے کے استعمال کے عادی ہیں جس نے آپ کے اعصاب کمزور کر رکھے ہیں اس حالت میں آپ کا ڈپریشن کا شکار ہونے کا امکان زيادہ ہوتا ہے
اگر آپ اس حالت میں تنہا ہو جائیں اور دوستوں اور رشتے داروں کی سپورٹ آپ کے ساتھ نہ ہو تو اس صورت میں بھی بریک اپ ڈپریشن کے امکانات بڑھ سکتے ہیں
آپ کو بیک وقت بہت سارے محاذوں پر بریک اپ کے ساتھ لڑنا پڑے تو اس صورت میں بھی آپ کے ٹوٹ کر بکھرنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں
بریک اپ ڈپریشن کا علاج
یہ کوئی ایسی بیماری نہیں ہے جس کو صبح دوپہر شام میں دو دو گولیاں کھانے سے دور کیا جا سکتا ہے ۔ اس کا دورانیہ ہر فرد کے حساب سے مختلف ہو سکتا ہے ۔ مگر یاد رکھیں اس حالت سے نکلنے کے لیۓ دوسرے انسان آپ کے مددگار ضرور ہو سکتے ہیں مگر اس کے لیۓ پہلی کوشش آپ کو اپنی جانب ہی سے کرنی پڑے گی
بریک اپ ڈپریشن سے نکلنے کے لیۓ کچھ عمل مددگار ثابت ہو سکتے ہیں جو کچھ اس طرح سے ہو سکتے ہیں
سوشل میڈيا کے استعمال میں کمی کریں ۔ بار بار بچھڑے ہوۓ ساتھی کو سوشل میڈیا پر ٹریک کرنے سے سواۓ بے چینی اور اداسی کےکچھ حاصل نہیں ہو گا
اپنی سوچوں کو حدود فراہم کریں۔ اس حالت میں بیٹھ کر سوچتے رہنے کے بجاۓ عملی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں
اللہ سے لو لگائیں اس صورتحال میں میڈیکل ماہرین کے مطابق بھی مراقبہ ذہنی اور جسمانی حالت کو بہتر بنانے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے اور مراقبے کا سب سے بہترین طریقہ نماز ہے جس کو اپنا کر ہر قسم کے ڈپریشن سے نکالا جا سکتا ہے
باقاعدگی سے ورزش کریں اس سے جسم اور ذہن کو صحت مند رکھنے میں مدد مل سکتی ہے
ماضی کو دیکھنے کے بجاۓ مستقبل کی طرف دیکھیں ۔ اپنے آنے والے کل کے لیۓ پلاننگ کریں اور کچھ بہتر کرنے کی کوشش کریں
ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں
اگر ان تمام کوششوں کے باوجود بھی آپ کی حالت میں بہتری نظر نہ آرہی ہو تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کو ایک ماہر نفسیات کی کونسلنگ کی ضرورت ہے جو کہ آپ کو اس گرداب سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے
اس موقع پر ماہر نفسیات نہ صرف کونسلنگ کے ذریعے آپ کی مدد کر سکتا ہے بلکہ وہ آپ کو دواؤں کے ذریعے بھی اعصاب کو پرسکون کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے