ایکسرسائز کے ویسے تو بہت سے فائدے ہوتے ہیں اس سے ایک جانب تو انسان چاک و چوبند اور صحت مند رہ سکتا ہے اس کے علاوہ یہ وزن کم کرنے میں بھی بہت معاون ثابت ہو سکتی ہیں مگر ایکسرسائز کرنے کے لیے اس بات سے ہم سب واقف ہیں کہ بستر سے اٹھنا ضروری ہوتا ہے مگر آج ہم آپ کو کچھ ایسی ایکسرسائز کے بارے میں بتائيں گے جو کہ بستر پر لیٹے لیٹے بھی کی جا سکتی ہیں
بستر پر لیٹ کر کی جانے والی ایکسرسائز
بستر پر لیٹے لیٹے کی جانے والی ایکسرسائز نہ صرف وزن گھٹانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں بلکہ جسم کو سڈول اور خوبصورت بھی بنا سکتی ہیں
ٹانگوں کو اوپر اٹھانا
یہ ورزش پیٹ کی اور ران کی چربی گھٹانے کے لیۓ خصوصی طور پر کی جاتی ہے اس مشق کے لیۓ سیدھا لیٹ جائيں اس کے بعد دونوں ہاتھوں کو بھی سیدھا دونوں جانب پھیلا لیں اس کے بعد کمر کو سیدھا رکھتے ہوۓ دنوں ٹانگوں کو اوپر کی طرف اٹھائیں
اس کے بعد دونوں ٹانگوں کو نیچے لے آئیں ۔ بغیر رکے یہ عمل دس بار دہرائیں اس کے بعد کچھ وقفہ دیں اور اس کے بعد اس عمل کو دوبارہ دہرائیں اس طرح اس عمل کے دس دس بار کے دو سیٹ لگائیں
اس سے کمر اور پیٹ کی چربی کم ہوتی ہے اس کے علاوہ ران کی چربی میں بھی کمی واقع ہوتی ہے
کولہے اٹھانا
اس مشق سے ٹانگوں اور کولہوں کی فالتو چربی کم ہوتی ہے اس مشق کو کرنےکے لیۓ سیدھا لیٹ جائیں اس کے بعد گھٹنے موڑ کر لیٹ جائيں اس طرح کے پیر کولہوں کے نیچے کی طرف ہوں اس کے بعد اپنے کولہوں کو پیروں کے زور پر اوپر کرنا شروع کر دیں اور اس وقت تک اٹھاتی رہیں جب تک کہ کولہے اور کندھے ایک لائن میں نہ آجائیں
اس کے بعد ایک ٹانگ کو اٹھا کر دوسری ٹانگ پر رکھ لیں اور یہ عمل کم از کم پانچ بار دہرائیں اس سے پیٹ کی اور کولہوں کی فالتو چربی نہ صرف کم ہو گی بلکہ ٹانگیں بھی اسمارٹ ہو جائیں گی
گھٹنوں اور ہاتھوں کے بل
اس ورزش میں گھٹنوں اور ہاتھوں کے سہارے کھڑا ہونا ہے جیسے چوپاۓ کھڑے ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد پہلے دائيں ٹانگ اوپر کی طرف اٹھائیں اس کے بعد اس کو دائيں جانب نکالیں اور جھٹکے کے ساتھ کک کے انداز میں ٹانگ کو جھٹکا دیں اس کے بعد یہی مشق بائیں ٹانگ کے ساتھ کریں
بازؤں کی ورزش
پش اپ لگانے کے انداز میں بازو اور پیر رکھ لیں اس کے بعد اپنے پورے جسم کو اسی انداز میں رہتے ہوۓ اوپر کی طرف جتنا اٹھا سکتے ہیں اٹھائيں ۔ اس پوزيشن میں دس سیکنڈ تک رہیں اس کے بعد واپس نیچے آجائیں اور اس عمل کو دس بار دہرائيں
اس سے پیٹ کی چربی ، بازوں کی چربی کم ہو گی اور جسم کی شیپ بہتر ہو گی
لیٹ کر اٹھنے کی مشق
اس ایکسرسائز کے مطابق بالکل سیدھا لیٹ جائيں اور بازؤ اور ٹانگیں سیدھی رکھ لیں اس کے بعد بغیر سہارے کے اس طرح سے اٹھیں کہ پیر بالکل سیدھے رہیں اور بازؤ جسم کے ساتھ نوۓ کا زاویہ بناتے ہوۓ سیدھے ہوں
اس عمل کو 5 سے 6 بار دہرائيں اس ورزش سے کمر اور پیٹ کی چربی پگھلتی ہے اور جسم اسارٹ اور سڈول ہوتا ہے
کوبرا پش اپس
اس ایکسرسائز کے لیۓ الٹا لیٹ جائيں اس کے بعد ہاتھوں کے زور پر اپنے اگلے دھڑ کو اٹھائیں اور جہاں تک اٹھا سکیں اس کو اوپر کر لیں اس کے بعد واپس پہلی حالت میں آجائيں اس مشق کو پانچ سے سات بار دہرائيں
اس ایکسرسائز کے کرنے سے ایک تو پیٹ کی چربی کم ہو گی اور پیٹ اندر کی طرف جاۓ گا اس کے ساتھ ساتھ چھاتی بھی سڈول ہو جاۓ گی
مینڈک کے اسٹائل کی ایکسرسائز
اس ایکسرسائز کے لیۓ پلنگ پر سیدھا لیٹ جائیں اور اس کے بعد دونوں بازو بالکل سیدھے کر لیں اس کے ساتھ ٹانگیں بھی سیدھی کر کے لیٹ جائیں اس کے بعد دونوں پیروں کو جوڑ کر ٹانگوں کو اوپر کی طرف اٹھائیں
اس کے بعد ٹانگوں کو سکیڑتے ہوۓ گھٹنوں تک موڑ لیں اس کے بعد ٹانگوں کو دوبارہ اوپر کی طرح سیدھا کریں اس عمل کو دس بار دہرائیں اور اس طرح کے کم از کم تین سیٹ لگائیں اس سے پنڈلیوں اور کولہوں پر چڑھی ہوئي چربی میں واضح کمی نظر آتی ہے
کروٹ کے بل ایکسرسائز
اس مشق کے لیۓ کسی ایک کروٹ کے بل لیٹ جائيں ۔ سر کے نیچے سے تکیہ ہٹا کر بازو کا تکیہ بنا کر سر کے نیچے رکھ لیں ایک بازو سر کے نیچے رکھیں اور دوسرے بازو سے جسم کو سہارا دیں اور دونوں ٹانگوں کو جوڑ کر جتنا اوپر اٹھا سکیں ایک ساتھ اٹھائیں کچھ سیکنڈ تک اٹھاۓ رکھیں اس کے بعد اس کو واپس کر دیں اس عمل کو پندرہ بار دہرائيں اور اس کے دوسیٹ لگائيں
یہ تمام مشقیں گھر کے اندر بستر پر لیٹ کر آرام سے کی جا سکتی ہیں اوراس سے وزن بھی کم کیا جا سکتا ہے تاہم اس طرح کی مشقیں کرنے سے قبل اپنے معالج سے اس حوالے سے مشورہ کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ گھر بیٹھے آن لائن مشورے کے لیۓ مرہم ڈاٹ پی کے کی ویب سائٹ وزٹ کریں یا پھر 03111222398 پر رابطہ کریں