ازدواجی زندگی میں کامیابی کی خواہش تو ہر شادی شدہ جوڑے کو ہوتی ہے لیکن ہر ایک کی یہ خواہش پوری نہیں ہوتی ہے ۔ ازدواجی زندگی میں ناکام ہونے کے بعد اکثر افراد اپنی شادی شدہ زندگی کی ناکامی کی مختلف وجوہات بیان کرتے ہیں مگر حقیقی معنوں میں ان کی ازدواجی زندگی کی ناکامی کی بنیادی وجوہات کچھ اس طرح سے ہوتی ہیں
ازدواجی زندگی کو ناکام بنانے والے کام
اپنے جیون ساتھی کو فوقیت نہ دینا
ازدواجی زندگی کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ ایک دوسرے کو فوقیت نہ دینا ہوتا ہے ۔ شادی کے بعد میاں بیوی کا رشتہ ہر رشتے سے پہلے آتا ہے لیکن اگر کوئی ایک بھی فریق اگر دوسرے فریق کو وہ اہمیت اور عزت دینے میں ناکام ہو جاۓ تو اس صورت میں ازدواجی زندگی مسائل کا شکار ہو سکتی ہے
میاں اگر بیوی کو اوپر ماں کو فوقیت دے یا بیوی شوہر کے مقابلے میں میکے والوں کو اہم سمجھے تو یہ اس بات کی دلیل ہوتی ہے کہ ان کی ازدواجی زندگی ہمیشہ دوسرے لوگوں کی وجہ سے اتار چڑھاؤ کا شکار رہے گی
اندر ہی اندر پکتے رہنا
میاں بیوی کے اندر رابطے بہت ضروری ہیں اور ان رابطوں کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اپنے دل کی بات ایک دوسرے سے کر دینے میں ہی بھلائی ہے ۔ مشہور ماہر نفسیات کے مطابق میاں بیوی کو ہر رات ایک دوسرے سے بات کر کے اور دل کے سارے پھپھولے پھوڑ کر سونا چاہیے ۔
دل میں پکنےوالی بات ایک رات گزرنے کے بعد ایک اذیت ناک پھوڑے میں تبدیل ہوجاتی ہے جو ازدواجی زندگی کے لیۓ خطرناک ہوتی ہے اس وجہ سے ماہرین نفسیات کے مطابق شادی شدہ جوڑوں کو چاہیۓ کہ ہر رات سونے سے قبل اپنے مسائل کو ایک دوسرے سے ڈسکس کر کے ان کو ختم کر کے سوئيں
ایک دوسرے سے باتیں چھپانا
میاں بیوی کا تعلق اعتماد پر قائم ہوتا ہے اس میں ایک دوسرے سے باتیں چھپانا جھوٹ کی بنیاد ہوتی ہے جو ان دونوں کے اعتماد میں دراڑ ڈالنے کا باعث ہو سکتا ہے یاد رکھیں ایک بار اعتماد کے شیشے میں آنے والا بال اس کی شفافیت کو خراب کر دیتا ہے اس کے بعد جتنی بھی کوشش کر لی جاۓ اس کو دور نہیں کیا جا سکتا ہے اس وجہ سے اس بات کی کوشش کریں کہ اپنے جیون ساتھی کو معمولی سے معمولی تفصیل سے آگاہ کریں تاکہ اعتماد برقرار رہے
ایک دوسرے کے رشتے داروں اور خاندان والوں کو اہمیت نہ دینا
جس طرح آپ کے لیۓ آپ کی ماں اہم ہے اسی طرح آپ کے پارٹنر کے لیۓ بھی اس کے گھر والے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ۔ عزت دینے سے عزت ملتی ہے اس وجہ سے کوشش کریں کہ ایک دوسرے کے قریبی لوگوں کو اہمیت دیں اس طرح سے آپ دونوں کا رشتہ کمزور ہونے کے بجاۓ مذيد طاقتور ہوتا ہے
سوری کہنے میں دیر کرنا
ایک دوسرے کے جزبات کا خیال رکھنا مضبوط تعلق کی بنیاد ہوتا ہے ۔ اکثر میاں بیوی کے تعلقات میں بگاڑ کا سبب ان کی انا ہوتی ہے جو ان کو ایک دوسرے کے سامنے جھکنے سے منع کرتی ہےاس کے نتیجے میں ان دونوں کے تعلقات کشیدہ ہو سکتے ہیں اس وجہ سے غلطی ہونے کی صورت میں معزرت کر لینے سے مسائل بڑھنے کےبجاۓ کم ہو جاتے ہیں
ایک دوسرے کی تعریف نہ کرنا
میاں بیوی کے تعلق میں محبت کا اظہار ہر روز نۓ سرے سے تجدید مانگتا ہے اس وجہ سے ایک دوسرے کی اچھائیوں کی تعریف کرنا اور محبت کا اظہار اس حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے
جو میاں بیوی ایک دوسرے کی اچھائیوں کی تعریف نہیں کرتے ہیں ان کے درمیان بانڈ کمزور ہونے لگتا ہے جو ان کے تعلق کو کمزور کر دیتا ہے اور جس کے نتیجے میں ان کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار ہو جاتی ہے
ایک دوسرے پر شک کرنا
شک کسی بھی گھر کے لوگوں کی ازدواجی زندگی کو تباہی سے دو چار کر دیتا ہے ایک دوسرے پر شک کرنے سے انسان نہ تو خود سکون مین رہتا ہے اور نہ ہی دوسرے فرد کو سکون سے رہنے دیتا ہے ۔
شک کے نتیجے میں ایک دوسرے کی ٹوہ میں رہنے سے اعتماد ختم ہو جاتا ہے اس کے نتیجے میں جھگڑے ہوتے ہیں جو ازدواجی زندگی کے سکون کو ختم کر دیتے ہین
یاد رکھیں
ازدواجی زندگی کے مسائل سب سے پہلے اپنے بیڈ روم میں حل کریں لیکن اگر اس حوالے سے معاملات بہت بگڑ جائيں تو دونوں میاں بیوی کو کاونسلنگ کی ضرورت ہوتی ہے جس سے ٹوٹتے ہوۓ گھروں کو بھی بچایا جا سکتا ہے ۔