اپنڈکٹومی سے کیا مراد ہے ؟
اپنڈکس ایک چھوٹی سی تھیلی نما ساخت ہے جو بڑی آنت کے ساتھ جڑی ہوتی ہے اور پیٹ کی دائيں جانب نچلے حصے کی طرف ہوتی ہے ۔ اگر اپنڈکس میں کسی وجہ سے انفیکشن ہو جاۓ تو اس کو کاٹ کر جسم سے علیحدہ کرنے کے لیۓایمرجنسی طور پر سرجری کی ضرورت ہوتی ہے جس کو اپنڈکٹومی کہتے ہیں ۔
اگر یہ سرجری نہ کی جاۓ تو اس کے نتیجے میں انفیکٹڈ اپنڈکس کسی وقت بھی پھٹ سکتی ہے جس سے انفیکشن یا اس کا زہر پورے جسم میں پھیل سکتا ہے اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے
اپنڈکٹومی کی سرجری کون کر سکتا ہے ؟
اپنڈکٹومی کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر کا بالغ افراد کے لیۓ جنرل سرجن اور بچوں کے لیۓ پیڈیاٹرک سرجن ہونا ضروری ہے
اپنڈکٹومی کی اقسام
انفیکشن ہونے کی صورت میں اپنڈکس کو جسم سے سرجری کے ذریعے علیحدہ کرنے کے لیۓ اپنڈکٹومی کی دو اقسام ہوتی ہیں ۔ پیٹ کو کھول کر اپنڈکس کو جسم سے علیحدہ کرنا ایک پرانا طریقہ ہے جس کا استعمال سب سے زيادہ کیا جاتا رہا ہے اس کے علاوہ آج کل کے دور میں اپنڈکس کو جسم سے علیحدہ کرنے کے لیۓ لیپروسکوپک اپنڈکٹومی کے طریقے کا بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ اس میں پیٹ کو کھولے بغیر اپنڈکس کو جسم سے علیحدہ کر لیا جاتا ہے
اوپن اپنڈکٹومی
اس میں پیٹ کے دائیں جانب نچلے حصے میں 2 سے 4 انچ کا ایک کٹ لگایا جاتا ہے۔ جس کے بعد انفیکشن ذدہ اپنڈکس کو جدا کر کے کٹ والی جگہ کو دوبارہ سے جوڑ کر سی دیا جاتا ہے
لیپروسکوپک اپنڈکٹومی
اس میں جو کٹ لگایا جاتا ہے وہ بہت چھوٹا ہوتا ہے اس میں بہت ہی چھوٹے سوراخ کیۓ جاتے ہیں جن کی مدد سے ٹیوب جسم میں داخل کی جاتی ہے اور لیزر شعاعوں کی مدد سے اپنڈکس کو علیحدہ کر دیا جاتا ہے
اپنڈکٹومی سے قبل کیۓ جانے والے اقدامات
اس سرجری سے قبل کچھ ابتدائي اقدامات کیۓ جاتے ہیں جو کہ سرجن کے کہنے پر مریض کو کرنے ہوتے ہیں یہ ضروری اقدامات کچھ اس طرح سے ہوتے ہیں
اپنڈکٹومی سے کم از کم 8 گھنٹے قبل سے کچھ بھی کھانا پینا روک دیں
اپنے ڈاکٹر کو ان تمام دواؤں اور بیماریوں کے متعلق بتائيں جن کا استعمال آپ کر رہے ہیں
اپنے معالج کو ان تمام ادویات کے بارے میں آگاہ کریں جن سے آپ حساس ہیں یا جن سے آپ کو الرجک ہو جاتی ہے
آپ کو اس آپریشن کے دوران انجکشن کے ذریعے دوا دے کر بے ہوش کیا جاۓ گا
اپنڈکٹومی میں کتنا وقت لگ سکتا ہے ؟
یہ ایک چھوٹا آپریشن ہوتا ہے جس کی تکمیل میں عام طور پر ایک گھنٹہ لگ سکتا ہے
اپنڈکٹومی سے جڑے خطرات و پیچیدگیاں
اپنڈکٹومی کی صورت میں ان پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے
خون کا جاری ہو جانا
زخموں میں انفیکشن ہو جانا
اگر سرجری کے دوران اپنڈکس پھٹ جاۓ تو اس صورت میں پیٹ میں انفیکشن ، پیٹ کا پھول جانا ،اور پیٹ پر سرخی ہو سکتی ہے
پاخانے کا رک جانا
اپنڈکس کے ارد گرد کے دیگر اعضا کو نقصان پہنچنا
اس کے علاوہ مرض کی نوعیت اور حالت کے مطابق دیگر پیچیدگیاں بھی ہو سکتی ہیں
اپنڈکٹومی کی ضرورت کب محسوس ہوتی ہے
اپنڈکس میں انفیکشن ہونے کی صورت میں سب سے پہلی علامت کےطور پر معدے میں شدید ترین درد ہوتا ہے جو کہ اپنی شدت کے سبب ناقابل برداشت ہوتا ہے وقت کے ساتھ یہ درد پیٹ کے نچلے دائیں جانب منتقل ہوجاتا ہے ۔ جس دوران انفیکشن کے سبب اپنڈکس سوج کر پیٹ کی دیوار کے ساتھ ٹکرانا شروع ہو جاتی ہے ۔ جس کی وجہ سے بخار بھی ہو سکتا ہے اور خون کے سفید ذرات میں کمی واقع ہونا شروع ہو جاتی ہے
ان علامات کے ساتھ ساتھ متلی ، الٹی بھی ہو سکتی ہے درد کے سبب انسان چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہتا ہے آنتوں میں انفیکشن کے سبب قبض بھی ہو سکتی ہے بھوک ختم ہو جاتی ہے اور کسی دوا سے اس درد میں آرام نہ آرہا ہو تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ کو اپنڈکٹومی کی ضرورت ہے جس کے لیۓ ماہر سرجن سے رابطہ ضروری ہے