سوئس محققین کے تیار کردہ الیکٹروڈ ڈیوائس کی مدد سے ایک مفلوج شخص مشیل روکاٹی دوبارہ چلنے پھرنے کے قابل ہو گیا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی شخص جس کی ریڑھ کی ہڈی مکمل طور پر ٹوٹ گئی ہو وہ آزادانہ طور پر چلنے پھرنے کے قابل ہو جائے
مشیل روکاٹی کی اس حالت کا سبب
مشیل روکاٹی 2017 میں ایک موٹر سائکل حادثے کے باعث مفلوج ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں ان کی ٹانگوں کی حرکت کرنے اور محسوس کرنے کی صلاحیت ختم ہو گئی تھی کیونکہ ان کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصآن پہنچا تھا۔
اپنی اس حالت کے باوجود مشیل روکاٹی نے ہمت نہیں ہاری اور وہ دوبارہ چلنے کے لئے ہمیشہ پر عزم تھے۔ وہ بتاتے ہیں کہ میں اپنی اس حالت سے پہلے جم کرتا تھا، باکسنگ کرتا تھااور میں ایک فٹنس ٹرینر تھالیکن اب اس حادثے کے بعد میں وہ کام نہیں کر سکتا جو مجھے پسند تھا۔لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی صحت یابی کے لئے ہمیشیہ کوشاں رہا ہوں۔ میں نے ہمیشہ دوبارہ چلنے کا خواب دیکھا ہے
الیکٹروڈ ڈیوائس کیسے کام کرتی ہے؟
یہ ایک برقی ڈیوائس ہے ۔ اس الیکٹروڈ ڈیوائس کو سوئس فیڈرل انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی(ای پی ایف ایل) کے پروفیسر گریگوری کورٹینی اور لوزیانے یونیورسٹی ہاسپٹل کی پروفیسر جوسلین بلوک نے تیار کیا ہے
اس الیکٹروڈ ڈیوائس کے سسٹم کے لئےایک نرم اور لچکدار الیکٹروڈ کا استعمال کیا گیا ہے جس کو ریڑھ کی ہڈی کے اعصاب کے اوپر نصب کیا جاتا ہے۔ یہ الیکٹروڈ ریڑھ کی ہڈی کے ان اعصاب کو برقی ارتعاش پہنچاتی ہے اور ٹانگوں اور رانوں کے مختلف مسلز کو کنٹرول کرتی ہے
اس ارتعاش کو ایک ٹیبلٹ میں سافٹ ویئر کی مدد سے کنٹرول کیا جاتا ہے جو روزمرہ کی مختلف سرگرمیوں جیسے کھڑے ہونے، چلنے، سائیکل چلانے یا دیگر کاموں کے لئے ہدایات جاری کرتا ہے
پروفیسر جوسلین نے بتایا کہ ابتداء میں یہ سب بالکل پرفیکٹ نہیں ہوتا لیکن اس سے تربیت دیکر مریضوں کو متحرک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کی بدولت ہی ریڑھ کی ہڈیوں کی سنگین ترین چوٹوں کا علاج کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ اس الیکٹروڈ کو کنٹرول کر کے ہم ریڑھ کی ہڈی کو ویسے ہی متحرک کر سکتے ہیں جیسے دماغ کرتا ہے اور مریض قدرتی انداز سے چل پھر اور تیراکی کر سکتا ہے
الیکٹروڈ ڈیوائس کے بعد مشیل روکاٹی کی صحت
مشیل روکاٹی جو موٹر سائیکل حادثے کی وجہ سے بالکل مفلوج ہو گئے تھے ، وہ کہتے ہیں کہ یہ الیکٹروڈ ڈیوائس میرے لئے ایک تحفہ ہے۔اب میں کھڑا ہوتا ہوں، چل سکتا ہوں، جہاں جی چاہے جا سکتا ہوں، سیڑھیاں چڑھ سکتا ہوں،یہ تقریبا ایک عام زندگی ہے۔
یہ اکیلے ٹیکنالوجی نہیں تھی جس نے مشیل کو صحت یاب ہونے میں مدد کی یہ اس اطالوی نوجوان کا پختہ عزم تھا، اس کے مطابق جب مجھے یہ حادثہ پیش آیا میں صرف اور صرف ترقی کرنے کے لئے پر عزم تھا اور اس حادثے نے بھی میرے اس عزم کو کم ہونے نہیں دیا۔
ڈاکٹر جوسلین وہ نیورو سرجن جنہوں نے مشیل کی سرجری کی ہے وہ اس کی صحت کی رفتار دیکھ کر حیران ہیں وہ کہتے ہیں کہ مشیل ایک ناقابل یقین شخص ہے اور وہ بہت تیزی سے اس الیکٹروڈ کے استعمال سے روزمرہ کی زندگی کی جانب لوٹ رہا ہے
الیکٹروڈ ڈیوائس کے کامیاب تجرٓبات
صرف مشیل ہی نہیں ہیں جو اس جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوئے ہیں ایسے تین افراد ہیں جو اب تک اس ٹیکنالوجی سے دوبارہ چلنے پھرنے کے قابل ہوئے ہیں ان میں سے ایک ڈیوڈ مری ہیں۔ اس امپلانٹ کے بعد وہ بھی چلنے پھرنے کے قابل ہوئے جبکہ وہ واکر استعمال کرتے تھے۔2010 کے حادثے کے بعد ان کا نچلا دھڑ بالکل بےکار ہو کر رہ گیا تھا اس امپلانٹ کے بعد وہ اپنی جیون ساتھی کے ساتھ ایک بچی پیدا کرنے کے قابل ہوئے جو اس علاج سے قبل ممکن نہیں تھا۔
ان کی بیٹی اب ایک سال کی ہے اور وہ بہت خوش ہیں وہ کہتے ہیں کہ یہ واقعی بہت خوبصورت احساس ہے جب میں اپنی بیٹی کے ساتھ چلتا ہوں۔وہ کہتے ہیں کہ اس امپلانٹ نے ٹھیک ٹھیک بہت اہم طریقوں سے ان کی مدد کی۔
اب تک کل نو افراد اس الیکٹروڈ ڈیوائس سے افادہ حاصل کر چکے ہیں اور چلنے پھرنے کے قابل ہو گئے ہیں لیکن ابھی اسے مکمل طور پر روزمرہ کے امور کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کی مدد سے چلنے پھرنے کی مشق کر کے ٹانگوں کو فعال بنایا جا سکتا ہےاس ڈیوائس کے لئے ابھی مزید کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہے جس سے یہ یقین ہو جائے کہ یہ ایک مؤثر علاج ہے۔
الیکٹروڈ ڈیوائس کے لئے محققین کا مؤقف
ای پی ایف ایل میں یہ ٹیکنالوجی تیار کرنے والی ٹیم کی قیادت کرنے والے پروفیسر گرئیر کورٹائن کے مطابق مفلوج لوگوں کو چلنے میں مدد کرنے کے لئے اس ٹیکنالوجی کو معمول کے مطابق استعمال کرنے سے پہلےابھ طویل سفر کرنا ہے۔ یہ الیکٹروڈ ڈیوائس ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کا علاج نہیں ہے بلکہ اس یہ لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ہم لوگوں کو بااختیار بنانے جا رہے ہیں،ہم انہیں کھڑے ہونے اور کچھ قدم اٹھانے کی صلاحیت فراہم کرنے جارہے ہیں۔ایسا نہیں ہے کہ یہ کافی ہے لیکن یہ ایک اہم بہتری ہے
مرہم کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیۓ یہاں کلک کریں
Android | IOS |
---|---|