سرجری کے بعد ہم سب تیزی سے ٹھیک ہونا اور اپنے کاموں پر واپس جانا چاہتے ہیں۔ تیزی سے صحت یابی آپکی اشد ضرورت ہو سکتی ہے مگر یہ یاد رکھیں کہ مکمل جسمانی بحالی بھی بہت اہم ہے۔ بحالی کا سفر شروع کرنے کا ایک بہترین طریقہ ڈسچارج سلپ پردی گئی ہدایات پرعمل کرنا ہو سکتا ہے۔ انہیں غور سے پڑھیں، یقینی بنائیں کہ آپ ہر ہدایت کو بخوبی سمجھ لیں، اور اگر آپ کا کوئی سوال ہے تو اپنے معالج کو کال کریں۔
سرجری کے بعد اکثر مریض اپنی پسند کی ہدایات پر عمل کرلیتے ہیں اور باقی کو نظرانداز کردیتے ہیں جو کہ ایک غلط طرز عمل ہے کیونکہ ہدایات کبھی بلاوجہ نہیں دی جاتی۔ کچھ اصولوں سے آپ تنگی محسوس کر سکتے ہیں، جیسے کہ سرجری کے بعد پہلے چند ہفتوں تک نہ نہانا، یا 10 پاؤنڈ سے زیادہ وزن والی کوئی چیز نہ اٹھانا۔ مگر ان ہدایات پر عمل کر کے ہی آپ جلد مکمل طور پر صحتیاب ہو سکتے ہیں ۔
فالو اپ معائنہ کروائیں
بہت سے مریض سرجری کے بعد اپنے تمام فالو اپ معائنے نہیں کرواتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ اچھا محسوس کریں اور آپ کا زخم بھی ٹھیک ہو رہا ہو تو آپکو ڈاکٹر سے ملاقات ایک غیر ضروری خرچ اور وقت کا ضیاع محسوس ہو۔ مگر حقیقت اس کے برعکس بھی ہو سکتی ہے۔ یہ ضروری ہے کہ آپ کا معالج آپکا معائنہ کرے، آپکے زخم کا جائزہ لے اور دیکھے کہ آیا یہ ٹھیک ہو رہا ہے۔ بعض اوقات انفیکشن کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔ دوائیوں کو بھی ایڈجسٹ کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
انفیکشن نہ ہونے دیں
سرجری سے بہترین نتیجہ حاصل کرنے کے لیے انفیکشن کو روکنا بہت ضروری ہے۔ سرجری کے مقام کے انفیکشن نایاب ہوتے ہیں اور عام طور پر یہ سرجری کے 30 دنوں کے اندر ہوتے ہیں۔ پھر بھی، اپنے ڈاکٹر سے ضرور پوچھیں کہ انفیکشن سے کیسے بچا جائے اور اگر انفیکشن ہو جائے تو کیا کرنا چاہیے۔
اپنے زخم کا معائنہ کریں
یہ ضروری ہے کہ آپ دن میں کئی بار اپنے زخم کو اچھی طرح دیکھیں کہ یہ گلابی ہے یا سرخ؟ کیا زخم رس رہا ہے اور اگر ہے تو اس کا رنگ کیا ہے؟ کیا ٹانکے یا سٹیپل برقرار ہیں؟ اپنے چیرے کا معائنہ کرنے سے آپ کو یہ تعین کرنے میں مدد ملے گی کہ آیا آپ کی سرجری کی جگہ ٹھیک ہو رہی ہے یا انفیکشن ہو گئی ہے۔
اپنے چیرے کی دیکھ بھال کریں
بہت سے مریض اپنے چیرے کو صاف رکھنے کی کوشش میں بہت آگے چلے جاتے ہیں۔ وہ اسے صاف کرنا اور اس کے ارد گرد ہونے والی خارش کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ یا سرجری کے مقام کو جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے الکحل یا پرو آکسائیڈ استعمال کر لیتے ہیں۔ جب تک کہ آپ کا سرجن خاص طور پر آپ کو ان چیزوں میں سے کوئی ایک کرنے کی ہدایت نہیں کرتا ہے، صابن اور پانی سے ہلکا سا دھونا کافی ہے۔
سرجری کے ٹانکوں کے مقام پر خارش ہونا معمول کی بات ہے۔ ان کو ہٹانے سے صحت یابی کا عمل سست ہو سکتا ہے۔ اسی طرح، زخم کو نقصان ہو سکتا ہے کیونکہ یہ چیرا لکیر کو کمزور کر سکتا ہے۔ اس وجہ سے، بہت سے سرجن سرجری کے بعد نہانے کے بجائے شاور کا مشورہ دیتے ہیں۔
چہل قدمی کریں
اپنے ڈاکٹر سے پوچھیں کہ آپ کتنا چل سکتے ہیں یا چلنا چاہیے۔ گھومنے پھرنے سے آپ کا خون آپ کے جسم کے تمام حصوں اور سرجری کے مقام تک پہنچتا ہے۔ ٹشو کو آپ کے دل سمیت خلیات کو دوبارہ تخلیق کرنے اور پٹھوں کو مضبوط کرنے کے لیے غذائی اجزاء اور آکسیجن (خون کے ذریعے لے جائی جانیوالی) کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں تو اپنے بستر پر اکثر پوزیشنیں تبدیل کریں۔
تمام صحت بخش غذائیں آپ کی صحت یابی میں معاون ثابت ہوتی ہیں، بعض غذائیں (خاص طور پر پروٹین والی) صحتیابی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ماہرین سے ثابت ہیں۔ ان میں انڈے کی سفیدی، اخروٹ، بادام، مچھلی اور چکن شامل ہیں۔
وافر مقدار میں پانی پیئیں
جب آپ اپنے سسٹم سے دوائی کو پانی سے دھوتے ہیں تو اینستھیزیا کے وہ مضر اثرات دور ہونے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اگر آپ سرجری کے بعد پہلے چند دنوں میں زیادہ کھانے کو محسوس نہیں کرتے ہیں تو آپ پانی کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اپنی نرس یا ڈاکٹر سے پوچھیں کہ آپ کو روزانہ کتنا پانی پینا چاہیے۔
درد پر قابو پائیں
درد میں مدد کے لیے آپکو دوائیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔دوائیوں کے متبادل کے طور پر گرم، ٹھنڈی کمپریس اور گہرے سانس لینے کی تکنیکوں کا استعمال کرکے بھی درد کم کیا جا سکتا ہے۔ جتنی جلدی آپ کا درد کم ہوتا ہے، اتنی ہی جلدی آپ گھومنا پھرنا اور چلنا شروع کر سکتے ہیں۔
تناؤ کو کم کریں
سرجری کے دوران اور بعد میں آپ کے جسم میں تناو کے ہارمونز زیادہ بنتے ہیں یہ آپکے صحت یابی کے عمل کو روک سکتے ہیں۔ اپنی جسمانی تکالیف سے توجہ ہٹانے کیلئے آپ اپنی پسندیدہ فلم دیکھ سکتے ہیں یا کتاب پڑھ سکتے ہیں۔
کھانسی اور چھینک میں احتیاط کریں
زور سے کھانسنا اور چھینکنا آپ کا چیرا پھاڑ سکتا ہے۔ لہٰذا، جب آپ محسوس کریں کہ آپ کو کھانسی یا چھینک آ رہی تو ایک تکیہ ہاتھ میں رکھیں۔ یاد رکھیں، سرجری کے بعد بہتر ہونے میں وقت لگتا ہے۔ تحمل سے کام لیں اور اپنے ڈاکٹر کی ہدایات پر کر عمل کریں۔ ان پر اور صحت کے دیگر رہنما اصولوں پر عمل کرنے سے آپ کی صحت یابی میں تیزی آ سکتی ہے۔
میں مبین آفتاب اردو کانٹنٹ رائٹر ، میں تعلیم کے شعبے سے منسلک ہوں۔ ویسے تو عمر کے لحاظ سے میں 32 سال کا ہوں پر تجربے کے اعتبار سے اپنی عمر سے کئی گنا بڑا ہوں میں ایک بچی کا باپ ہوں اور چاہتا ہوں کہ ہماری نئی نسل اردو کو وہ مقام دے جو بحیثیت ایک قومی زبان اس کا حق ہے۔