سائیکلنگ ایک ایروبک ورزش ہے . آپ نقل و حمل کے ایک موڈ کے طور پر، آرام دہ سرگرمی کے لیے، یا اپنی صحت کو بہتر بنانے کے لۓ سائیکل چلا سکتے ہیں۔ ہر عمر کا فرد اپنی صحت کو برقرار رکھنے اور بیماریوں سے دور رہنے کیلئے سائیکل کا استعمال کرسکتا ہے، سائیکل چلانا جسمانی ورزش کی بہترین قسم ہے جو اچھی صحت یقینی بنانے کے ساتھ ہر عمر کے فرد کیلئے مفید ہے یہ ماحول دوست سواری ہےاور یہ انسان کی صحت پر بہترین اثرات ڈالتی ہے۔
سائیکل چلانے سے دل، خون کی نالیاں اور پھیپھڑے سب مشق کرتے ہیں اور کچھ وقت گزرنے کے ساتھ ہی سانس گہرا ہونے لگتا ہے اور جسم میں حرارت پیدا ہوتی ہے جو کہ صحت کے لیے فائدے مند ہوتا ہے۔ سائیکل چلانا جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔ ایک بار جب آپ سائیکلنگ کو اپنی زندگی کا باقاعدہ حصہ بنا لیتے ہیں تو آپ زیادہ پر اعتماد اور مطمئن محسوس کر سکتے ہیں۔
سائیکلنگ خطرناک بیماریوں سے بچاتی ہے
سائیکلنگ ایک شاندار ورزش ہے جو آپ کو متحرک رکھتی ہے۔ یہ جسمانی اور ذہنی طور پر ایک صحت مند طرز زندگی کی تشکیل میں مدد کر سکتی ہے، جسمانی سرگرمی کی کمی کے سبب ہونے والی خطرناک بیماریوں سے بچاؤ میں مدد کرتی ہے۔ یہ آپ کے جسم کو درج ذیل بڑی بیماریوں سے بچا سکتی ہے۔
سائیکلنگ دل کی بیماری سے حفاظت کرنے میں مددگار ہے
دل کی بیماریوں میں فالج، ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک شامل ہیں۔ باقاعدہ سائیکلنگ آپ کے دل، پھیپھڑوں اور گردش کو متحرک اور بہتر بناتی ہے، جس سے آپ کے قلبی امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
سائیکلنگ آپ کے دل کے پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے اور خون میں چربی کی سطح کو کم کرتی ہے۔ جو لوگ سائیکل پر کام کرنے کے لیے چلتے ہیں وہ گاڑی کے مسافروں کے مقابلے میں دو سے تین گنا کم آلودگی کا شکار ہوتے ہیں، اس لیے ان کے پھیپھڑوں کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔ تحقیق میں پتا چلا کہ باقاعدہ سائیکلنگ لوگوں کو دل کی بیماری سے محفوظ رکھتی ہے اوران افراد میں دل کی بیماری کا امکان 45 فیصد کم ہوتا ہے۔
سائیکلنگ کی مدد سے کینسرسے بچاؤ ممکن ہے
امراض قلب کے بعد سب سے زیادہ اموات سرطان کے سبب ہوتی ہیں، محققین نے ورزش اور کینسر، خاص طور پر بڑی آنت اور چھاتی کے کینسر کے درمیان تعلق کا مطالعہ کیا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر آپ سائیکل چلاتے ہیں تو آنتوں کے کینسر کا امکان کم ہوجاتا ہے اور باقاعدگی سے سائیکل چلانے سے چھاتی کے کینسر کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ باقاعدہ سائیکلنگ لوگوں میں کینسر ہونے کا امکان 46 فیصد کم کر دیتی ہے۔
سائیکلنگ ذیابیطس کی بیماری سے بچاؤ میں مدد دیتی ہے
ذیابیطس کی شرح بڑھ رہی ہے اور یہ صحت عامہ کے لیے ایک سنگین تشویش ہے۔ لوگوں میں اس حالت کو پیدا کرنے کی ایک بڑی وجہ جسمانی سرگرمی کی کمی کو سمجھا جاتا ہے۔
سائکلنگ خلیوںمیں گلوکوز جذب کرنے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے، اس طرح انسولین ریسیپٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔ خاص طور پر، ذیابطیس سے بچا ؤکے لیے سب سے موزوں کھیلوں میں سے ایک سائیکلنگ ثابت ہوا ہے، کیونکہ یہ ایک ایروبک سرگرمی ہے، بار بار اور مستقل نوعیت کی ہے۔ سائیکلنگ اس بیماری کے خلاف کام کرتی ہے کیونکہ یہ ہمارے پٹھوں کے 70 فیصد حصے کو متحرک کرتی ہے، جو کہ نچلے اعضاء میں موجود ہیں۔
سائیکلنگ میں پٹھے تیزی سے بحالی کی جانب سفر کرتے ہیں ، جو لوگ روزانہ 30 منٹ سے زیادہ سائیکل چلاتے ہیں ان میں ذیابیطس ہونے کا خطرہ 40 فیصد کم ہوتا ہے. آپ جتنا زیادہ سائیکل چلاتے ہیں، بیماری آ پ سے اتنی ہی دور ہوتی ہے۔
سائیکلنگ جوڑوں اور پٹھوں کے درد سے بچاتی ہے
سائیکلنگ طاقت، توازن اور ہم آہنگی کو بہتر بناتی ہے۔ وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے ۔ اضافی وزن سوزش گٹھیا کو بڑھا سکتے ہیں، اور ساتھ ہی آپ کے جوڑوں، خاص طور پر آپ کے گھٹنوں پر دباؤ بڑھا سکتے ہیں۔
یہ گرنے اور فریکچر کو روکنے میں بھی مدد کر سکتی ہے۔ اگر آپ کو اوسٹیوارتھرائٹس کا مرض ہے تو سائیکل چلانا ورزش کی ایک مثالی شکل ہے، کیونکہ یہ ایک کم اثر والی ورزش ہے جو جوڑوں پر بہت کم دباؤ ڈالتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سائیکلنگ وزن اٹھانے والے جوڑوں، جیسے آپ کے کولہوں، گھٹنوں اور پاؤں پر دباؤ کو محدود کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، جوڑوں کی ان حرکات کو فعال کرنے میں مدد دیتی ہے، جو درد اور سختی کو کم کرتی ہیں۔
جب سائیکل کے پیڈل کی حرکت نارمل ہوتی ہے، تو یہ نہ صرف کولہے اور گھٹنے میں حرکت کے عمل کو بڑھاتا ہے، بلکہ آپ کے کواڈریسیپ پٹھوں جو پٹھےآپ کی رانوں کے اگلے حصے پرہوتے ہیں ان کو بھی مضبوط کرتا ہے، پیڈلنگ آپ کے گلوٹس اور ہیمسٹرنگز جو آپ کی ران کے پچھلے حصے پر ہوتے ہیں ان کو فعال بناتی ہے۔ مضبوط پٹھے آپ کے جوڑوں کی صحت اور حفاظت میں مدد کرتے ہیں۔
آ پ کی جسمانی اور ذہنی صحت کی فروغ میں سائیکلنگ کا کیا کردار ہے؟ اپنے تجربے اور راۓ سے ہمیں آگاہ کریں۔