آنکھوں کی سرخی سے کیا مراد ہے؟
یہ ایک عام اصطلاح ہے جو ، کسی چیز یا الرجی کی وجہ سے سرخ ہوئی آنکھوں کو بیان کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ آنکھوں کی سرخی یا لالی اس وقت ہوتی ہے جب آنکھ کی سطح کے نیچے خون کی چھوٹی چھوٹی شریانیں بڑی ہو جاتی ہیں یا سوج جاتی ہیں۔ عام طور پر ، یہ کسی ایسی چیز کا رد عمل ہوتا ہے جو آنکھ کو پریشان کرتی ہے۔ اورایک یا دونوں آنکھوں کو متاثر کر سکتی ہے ، اور یہ وقت کے ساتھ بڑھ سکتی ہے یا اچانک ظاہر ہو سکتی ہے اور اسکی وجہ کوئی الرجی یا آنکھ کی چوٹ ہوسکتی ہے
سرخ آنکھوں کی وجہ سے آنکھوں میں درد ، خارش ، آنکھوں سے مائع خارج ہونا ، آنکھوں میں سوجن ، یا بصارت میں تبدیلیاں ، جیسے دھندلا ہوا وژن ہو سکتا ہے۔
اگرچہ ، کئی بار صرف ایک آنکھ زیادہ خراب لگتی ہے۔ سرخ آنکھ کے بہت سے معاملات نسبتا بے ضرر ہوتے ہیں اور عام طور پر گھریلو علاج سے بہتر ہوجاتے ہیں۔
تاہم ، اگر آنکھیں ایک ہفتے سے زائد عرصے تک سرخ رہیں ، یا اگر بینائی متاثر ہونے لگے ، یا اگر درد کی شکائت ہو تو ، طبی تشخیص اور مناسب علاج کے لیے ماہر امراض چشم (آنکھوں کے ڈاکٹر) سے ملاقات کرنی چاہیے۔
آنکھوں کی سرخی کی ممکنہ وجوہات
سرخ آنکھ یا آنکھوں کی سرخی کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں۔ان میں بعض اوقات کانٹیکٹ لینس زیادہ دیر تک پہننا ، یا بغیر وقفے کے لمبے عرصے تک کمپیوٹر سکرین کو گھورنا، الرجی ، بلیفرائٹس (سوجاہوا پپوٹا) ، آشوب چشم (گلابی آنکھ) ، خشک آنکھ اور آنکھ کی چوٹ شامل ہوسکتی ہیں
الرجی
، پالتو جانوروں کے جسم سے جھڑی ہوئی خشکی ، دھول ، یا میک اپ یا کانٹیکٹ لینس میں پائے جانے والے بعض کیمیکل کسی شخص کی آنکھ میں داخل ہوتے ہیں تو مدافعتی نظام رد عمل ظاہر کرتا ہے اور جسم الرجی سے لڑنے کے لیے ہسٹامائن خارج کرتا ہے ، جس کی وجہ سے آنکھوں میں خون کی نالیوں میں اضافہ ہوتا ہے ، اور آنکھیں سرخ ، پانی دار اور خارش زدہ ہوجاتی ہیں۔
بلیفرائٹس (سوجا ہوا پپوٹا)
یہ ایک عام حالت ہے جس کی وجہ سے پپوٹا سرخ ہوجاتا ہے اور سوجن ہو جاتی ہے۔جلن و خارش بھی ہو سکتی ہے ، روشنی سے حساس بھی ہو سکتی ہے اور ضرورت سے زیادہ آنسو بھی بھی آسکتے ہیں۔
آشوب چشم (گلابی آنکھ):
آشوب چشم آنکھوں کے سب سے عام انفیکشن میں سے ایک ہے ، خاص طور پر بچوں میں۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب آنکھ کی پتلی ، شفاف جھلی جو آنکھ کے سفید حصّے کو ڈھانپتی ہے کو متاثر کرتی ہے۔ تو ، اس کے اندر خون کی نالیوں میں جلن اور سوجن ہوجاتی ہے ، جس سے آنکھ سرخ یا گلابی نظر آتی ہے۔ کئی بار پلکیں بھی چپچپا سا مائع خارج کرتی ہیں اور پلکیں ایک ساتھ چپک جاتی ہیں۔
گلابی آنکھ کی مختلف اقسام ہیں۔
وائرل آنکھوں کے انفیکشن
، جو کہ سب سے زیادہ عام ہیں ،یہ خود بہتر ہوتے ہیں ، اور ادویات کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔
بیکٹیریل آنکھوں کے انفیکشن
انکو اینٹی بائیوٹکس کی ضرورت ہوتی ہے۔
دونوں قسم کے انفیکشن ، خاص طور پر وائرل ، متعدی ہیں اور آسانی سے پھیلتے ہیں۔
خشک آنکھ
جب آنکھیں کافی آنسو پیدا نہیں کرپاتی ہیں ، تو اسے خشک آنکھ کہتے ہیں یہ بعض ادویات لینے کا ایک ضمنی اثر ہوسکتا ہے۔ ابتدائی طور پر مصنوعی آنسو پیدا کرنے والے آنکھوں کے قطروں کے ذریعے اس حالت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
آنکھ کی چوٹ
آنکھ کو چوٹ لگنے سے آنکھیں سرخ ہو سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ ضرورت سے زیادہ الکحل کے استعمال اور تمباکو نوشی سے آنکھوں کی سرخی اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو بینائی کو متاثر کرسکتا ہے۔
آنکھوں کی سرخی کا علاج
سرخ آنکھ یا آنکھوں کی سرخی کے علاج بہت ہیں۔ کئی بار ،صرف ، بند آنکھوں پر ٹھنڈاکپڑا پھیرنا ، پلکوں پر ہلکے سے مساج کرنا ، پلکوں کو آہستہ سے دھونا ، اور آنکھوں کے قطرے ، آنکھوں کی سرخی کی علامات کو دور کرسکتے ہیں۔ زیادہ عرصے تک آنکھوں کی سرخی اگر ٹھیک نہ ہو تو آنکھوں کا ڈاکٹر اینٹی بائیوٹکس ، آنکھوں کے خصوصی قطرے ، یا مرہم تجویز کرسکتا ہے۔
آنکھوں کی سرخی کو کیسے روکا جا سکتا ہے؟
آنکھیں کو مت رگڑیں۔ ہاتھوں اور انگلیوں پر موجودگندگی اور جراثیم بھی آنکھوں کی سرخی اور جلن کا سبب بن سکتے ہیں۔
کانٹیکٹ لینس کو صاف رکھیں ، اور انہیں تجویز کردہ وقت سے زیادہ نہ پہنیں۔
آنکھوں کا میک اپ مناسب طریقے سے ہٹائیں اور آنکھوں کو صاف رکھیں۔
طویل عرصے تک کمپیوٹر سکرین کو نہ دیکھیں اور دیکھتے ہوئے باقاعدہ وقفہ لیں۔