موتیا آنکھ کے اندرونی عدسے کی دھندلاہٹ کا نام ہے جو کہ وقت کے ساتھ بڑھتی جاتی ہے۔ موتیے کی موجودگی روشنی کو روکتی ہے اور صاف دکھائی دینے میں مشکل پیدا کرتی ہے۔ ایک مدت کے بعد موتیا اندھے پن کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ موتیا اگرچہ بڑھتی عمر کی ایک بیماری ہے لیکن آج کل یہ نوجوانوں کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ آنکھ میں موتیے کی موجودگی کسی قسم کے درد یا تکلیف کا باعث نہیں بنتی لیکن بصارت پر اس کے منفی اثرات ضرور ہوتے ہیں۔
موتیا آپ کی بینائی پر کس طرح اثرانداز ہو سکتا ہے؟
ایک عام آنکھ میں روشنی عدسے (لینز) کے ذریعے داخل ہوتی ہے اور عدسہ (لینز) اس روشنی کو پردہ چشم پر مرکوز کر کے ایک صاف تصویر بناتا ہے۔ اگر عدسہ موتیے کی وجہ سے آلودہ ہے تو پردہ چشم پر بننے والی تصویر دھندلی ہو گی۔ آنکھوں کی کچھ اور بیماریاں بھی نظر کے دھندلانے کا باعث ہو سکتی ہیں لیکن موتیے کی صورت میں کچھ خاص علامات سامنے آتی ہیں جو کہ درج ذیل ہیں۔
دھندلاہٹ
دور یا قریب کی نظر کا دھندلانا موتیے کی سب سے عام علامت ہے۔ موتیے کی موجودگی میں آپ کی نظر دھندلی یا ابرآلود ہو سکتی ہے۔ وقت کے ساتھ یہ صورتحال بدتر ہو جاتی ہے اور موتیے سے متاثرہ آنکھ کی بینائی خاص طور پر رات کو دیکھنے کی صلاحیت کم ہوتی چلی جاتی ہے۔
روشنی سے حساسیت
موتیے کی ایک اور علامت روشنی سے حساسیت ہے۔ اس صورت میں تیز روشنی یا سورج کی روشنی میں دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ گھر کے اندر کی لائٹیں جو پہلے آپ کو معمول کے مطابق لگتی تھیں اب آپ کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتی ہیں اور ان کی روشنی آپ کو بہت تیز لگنے لگتی ہے۔ اسی طرح رات کی ڈرایئونگ سامنے سے آتی گاڑیوں کی لائٹوں کی وجہ سے مشکل ہو سکتی ہے۔
دوہرا نظر آنا
موتیے کی وجہ سے ایک آنکھ سے دیکھنے پر دوہرا نظر آنے کی شکایت ہوسکتی ہے ۔
رنگوں کی پہچان
موتیے کی موجودگی رنگوں کو پہچاننے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے اور مریض کو کچھ رنگ دھندلے نظر آنے لگ سکتے ہیں۔ شروع میں مریض کو ہر منظر میں پیلے اور بھورے رنگ کی آمیزش دکھائی دیتی ہے اور کچھ عرصے کے بعد نیلے اور جامنی رنگ میں فرق کرنا ممکن نہیں رہتا۔
(Second sight) سیکنڈ سائٹ
موتیے کی وجہ سے بعض اوقات قریب کی نظر اچانک بہتر ہو سکتی ہے اور ایسے لوگ جو پڑھنے کے لیے چشمہ استعمال کرتے تھے انہیں اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، لیکن ایسا عارضی طور پر ہوتا ہے اور موتیا بڑھنے سے نظر مزید خراب ہو جاتی ہے۔
چشمہ یا کنٹیکٹ لینز
اگر کسی کو چشمہ یا کنٹیکٹ لینز بار بار تبدیل کرنے کی ضرورت پیش آ رہی ہو تو ہو سکتا ہے کہ یہ علامت آنکھ میں موجود موتیے کی وجہ سے ہو۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ موتیا کے حجم اور سنگینی میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے جو کہ بصارت کو متاثر کرتا ہے۔
موتیا کن لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے؟
موتیے سے متاثر ہونے کی سب سے بڑی وجہ عمر میں اضافہ ہے۔ پینسٹھ سال سے زیادہ عمر کے پچاس فیصد افراد میں موتیا کی شکایت پائی جاتی ہے۔ کچھ بچے پیدائشی طور پر موتیے کا شکار ہوتے ہیں اور بعض اوقات بچوں میں کسی بیماری یا زخم کی وجہ سے بھی موتیا بن جاتا ہے۔ الٹرا وائلٹ شعاؤں کی وجہ سے بھی موتیے سے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
Related: Glaucoma-A silent Thief of Sight
موتیا بننے کی وجہ کیا ہے؟
موتیا کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہے لیکن بڑھتی عمر بہرحال اس کا سب سے بڑا سبب سمجھی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ درج ذیل اسباب موتیے کی موجودگی کے امکانات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
۔ ذیابیطس
۔ سگریٹ نوشی
۔ آنکھوں کے زخم
۔ شراب نوشی
۔ سورج کی روشنی کا مسلسل اور لمبے عرصے تک زیادہ سامنا
۔ لمبے عرصے تک سٹیرائڈز کا استعمال
موتیے سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں؟
آنکھوں کی حفاظت اور مجموعی صحت میں بہتری لا کر موتیے سے بچنا ممکن ہے۔
۔ سورج کی روشنی میں جاتے ہوئے دھوپ کا چشمہ اور حفاظتی ہیٹ کا استعمال کریں۔
۔ خون میں شکر کی سطح معمول کے مطابق رکھنے کی کوشش کریں۔
۔ شراب نوشی سے دور رہیں۔