صاف شفاف اور صحت مند جلد آپ کی بہترین مجموعی صحت کی غماز ہے۔ جلد آپ کے جسم کا آئینہ ہے۔ جسم میں ہونے والی خرابیوں اور بیماریوں کا اثر جلد پر ہوتا ہے جو کہ رنگت کے خراب ہونے، اور جلد کے دیگر مسائل کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ اگر آپ جلد سے متعلق کسی بھی بیماری سے پریشان ییں تو مرہم کی مدد سے ملک بھر کے بہترین سکن سپیشلسٹ سے رابطہ کیجیئے۔ بعض اوقات جلد کے چھوٹے موٹے مسائل جیسے کہ جلد کا کھردرا ہونا، بے رونقی اور پمپلز کا علاج گھر پر موجود اجزا سے بھی کیا جا سکتا ہے۔ ایسے ہی کچھ اقدامات کا ذکر یہاں کیا جا رہا ہے۔ جن کی مدد سے آپ صاف شفاف صحت مند جلد اور نکھری رنگت حاصل کر سکتے ہیں۔
چاول اور تلوں کا سکرب
چاول اور تلوں کو ہم وزن لیجیئے اور رات بھر بھگو رکھیئے۔ صبح اس کو پیس کر پیسٹ بنا لیجیئے اور اس کو چہرے اور جسم پر سکرب کی صورت میں استعمال کیجیئے۔ دس سے پندرہ منٹ لگا رہنے دیجیئے اور ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیئے۔ تل میں شامل اجزا جلد کو نمی فراہم کرتے ہیں چاول جلد کے مردہ خلیات کو دور کر تے ہیں۔ یہ جلد کو پالش کرنے کا ایک آسان اور موثر طریقہ ہے۔
سلیپنگ پیکس کا استعمال
سلیپنگ پیکس کا استعمال ایک عام رواج ہے اور اس کے بہت سے فوائد ہیں۔ اس کا استعمال کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ آپ نے جلد کو اچھی طرح دھو کر خشک کرلیا ہو۔ کسی قسم کا میک اپ یا گردوغبار کی موجودگی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ سلیپنگ پیک کی مناسب مقدار لیجیے اور اس کو لگا کر سو جائیے۔ صبح اٹھنے پر منہ دھو ڈالیے اور اس کے حیران کن فوائد سے محظوظ ہوئیے۔
دودھ کا استعمال
رات کو سونے سے پہلے چہرے پر کم چکنائی والے دودھ کی ایک ہلکی پرت لگانا بہت سے فوائد کا باعث بن سکتی ہے۔ اس کو لگانے سے پہلے جلد کو صاف کر لیجیئے اور پھر دودھ کو جلد پر اوپر کی جانب مساج کرتے ہوئے لگائیے۔ اس کو جلد میں مکمل جذب کرنا ضروری ہے۔ صبح حسب معمول منہ دھو لیجیئے۔ دودھ نہ صرف جلد کی رنگت بہتر کرتا ہے بلکہ اس کے استعمال سے آنکھوں کے گرد حلقوں میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔
آنکھوں کی حفاظت
آنکھیں آپ کے چہرے کا اہم حصہ ہیں۔ سونے سے پہلے ان کی طرف توجہ بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں آپ آئی کریم یا آنکھوں کے لیے بنائے گئے جیل کا استعمال کر سکتے ہیں۔ کمپیوٹر اور موبائل کا استعمال اانکھوں کی بےرونقی اور خشکی کا باعث بنتا ہے۔ سونے سے پہلے کیے گئے یہ اقدامات آنکھوں کو رونق بخشتے ہیں اور تھکن دور کرتے ہیں۔
آپ کی جلد کسی بھی طرح کی ہو اس کو خوبصورت اور صحت مند رکھنے کے لیے یہ آسان اقدامات کر کے دیکھیے اور نتائج سے ہمیں ضرور آگاہ کیجیئے۔