سر میں کھجلی عام طور پر ان لوگوں کو زیادہ ہوتی ہے جن کے سر پر بال گھنے اور لمبے ہوتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ عام طور پر اسکول جانے والے بچے اور گھر کی خواتین اکثر و بیشتر سر مین کھجلی کی شکایت کرتی ہوئي نظر آتی ہیں
سر میں کھجلی کے اسباب
مگر کھجلی کا سبب ہمیشہ سر میں جوؤں کی موجود گی نہیں ہوتی ہے بلکہ اس کے بہت سارے دیگر اسباب بھی ہوتے ہیں جن کے بارے میں جاننا سب کے لیۓ بہت ضروری ہے
خشکی اور سکری


سر میں کھجلی کا سب سے بڑا سبب عام طور پر خشکی یا سکری ہوتی ہے ۔ یہ سر کی جلد کے اوپر بننے والے سفید اور خشک چھلکے ہوتے ہیں جو کہ سر کی جلد پر ابتدا میں کھجلی کا سبب بنتے ہیں اور اگر اس کا علاج نہ کیا جاۓ تو اس کے سبب خشکی والی جگہ پر سرخ رنگ کے دھبے سے بن جاتے ہیں
ماہرین اب تک تحقیق کے باوجود سر میں ہونے والی خشکی یا سکری کا حقیقی سبب جاننے میں ناکام رہے ہیں مگر ان کے اندازے کے مطابق سر کی کھوپڑی پر بعض اوقات ہونے والا فنگس اس کا سبب ہوتے ہیں ۔
اس کے علاوہ اس کے اسباب میں کھوپڑی کی جلد کا حساس ہونا ، موسم کی تبدیلی یا ہارمونل تبدیلی بھی خشکی کا سبب ہو سکتا ہے
علاج
سر میں کھجلی کا سبب اگر خشکی ہوتو اس کے علاج کے لیۓ کسی ماہر جلد کے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ویسے عام طور پر اس کے اینٹی ڈینڈرف شیمپو کے استعمال سے بھی سر میں کھجلی سے جان چھڑائی جا سکتی ہے
قوت مدافعت کی کمزوری


بعض اوقات سوریاسس نامی بیماری کے سبب بھی سر میں کھجلی کی شکایت ہو سکتی ہے اس بیماری میں قوت مدافعت کی کمی کے سبب صحت مند سیل تیزی سے ختم ہونے لگتے ہیں ۔جس کی وجہ سے جلد پر کھجلی اور سرخ نشان پڑنے شروع ہو جاتے ہیں
اس بیماری کی دیگر علامات میں جلد پر سرخ نشانات کا پڑ جانا ، سر میں کھجلی ہونا اور جوڑوں میں سوجن اور درد شامل ہیں ۔
علاج
اس بیماری کے علاج کے لیۓ ماہر ڈاکٹر جلد پر لگانے کے لیۓ مرہم دیتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ دوائيں بھی دی جاتی ہیں ۔ یہ دونوں چیزیں مل کر مریض کے علاج میں اہم کردار ادا کرتے ہیں
سر کی جوئیں


سر میں جوؤں کی موجودگی بھی سر میں کھجلی کی ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے جوؤں کی موجودگی کی وجہ سے اور اس کے انڈوں اور بچوں کی وجہ سے اکثر سر میں شدید کھجلی ہوتی ہے
یہ تکلیف عام طور پر 3 سے 13 سال کی عمر تک کے بچوں میں زیادہ دیکھنے میں آتی ہے جس کا سبب ان کا اسکول میں ایک دوسرے کے بہت قریب بیٹھنا ہو سکتا ہے
علاج
اس کے علاج کے لیۓ ایک جانب تو صفائی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے اور اس کے علاوہ ان کیڑوں کو دور بھگانےکے لیۓ کچھ دوائیں بھی دی جا سکتی ہیں
ذہنی دباؤ کے سبب


انسان جب کسی بھی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہوتا ہے تو اس کا جسم ہسٹامائن نامی ایک کیمیکل کا اخراج کرتا ہے جس کے اخراج کے سبب جسم الرجی کی کیفیت میں مبتلا ہو جاتا ہے
اس وجہ سے جسم کے مختلف حصوں میں سوزش کی شکایت بھی ہو سکتی ہے جو کہ جسم کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ سر میں کھجلی کا سبب بھی بن سکتے ہیں
علاج
اس سبب ہونے والی کھجلی کو دور کرنے کے لیۓ ڈاکٹر کے مشورے سے اینٹی الرجی گولیاں استعمال کی جا سکتی ہیں
ایٹوپک ڈرماٹیٹس


یہ بیماری ایک قسم کی جلدی بیماری ایگزیما کے سبب ہو سکتی ہے ۔ یہ جلد کی ایک خطرناک بیماری ہے جس کی اصل وجہ اب تک نہیں پتہ جل سکی ہے ۔البتہ ماہرین کے مطابق اس کا سبب ماحول کے سبب ہونے والی الرجی یا پھر وراثتی طور پر ملنے والی جلدی بیماری ہو سکتی ہے ۔اس کے سبب سر کے ساتھ ساتھ ہاتھوں گردن اور سر پر گرے رنگ کے دھبے پڑ سکتے ہیں یا پھر جلد خشک ہو کر سرخ ہو جاتی ہے ۔
علاج
اس کے علاج کے لیۓ معالج ایسے مرہم استعمال کرواتے ہیں جو جلد کی خشکی کو دور کرتے ہیں جس سے سر کی کھجلی میں آرام آ سکتا ہے اس کے علاوہ اس بیماری میں بغیر خوشبو والے موسچرائزر کا استعمال بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے
سر میں کھجلی کے لیۓ ڈاکٹر سے کب رجوع کرنا چاہیے
عام طور پر ہر انسان کو زندگی میں کم از کم ایک بار سر کی کھجلی کا سامنا ضرور کرنا پڑتا ہے جو کہ عام طور پر ایک آدھ ہفتے میں گھریلو ٹریٹمنٹ اور ٹوٹکوں سے ٹھیک بھی ہو جاتی ہے لیکن اگر سر میں کھجلی ایک ہفتے تک لگاتار جاری رہے تو اس حوالے سے ڈاکٹر سے رجوع کر لینا چاہیۓ
سر کی کھجلی کے لیۓ کسی بھی جلد کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کیا جا سکتا ہے ماہر اور مستند ڈاکٹر سے رابطے کے لیۓ مرہم ڈاٹ پی کے کی ویب سائٹ وزٹ کریں یا پھر 03111222398 پر رابطہ کریں