نومولود بچے کی آمد کسی بھی گھر کے لیۓ خوشیوں کا باعث ہوتی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایک ایسی ذمہ داری بھی ہوتی ہے جس کی تیاری نئی مائيں اس وقت سے کر رہی ہوتی ہیں جب سے وہ ماں بننے کے نوید سنتی ہیں ۔
اس موقع پر آج کل کے زمانے میں انٹر نیٹ کے ذریعے مائيں بہت ساری معلومات بچے کی پیدائش سے قبل ہی جمع کرنا شروع کر دیتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ نانی اور دادی کے ٹوٹکے بھی ان کے ہمراہ ہوتے ہیں مگر اس کے باوجود نومولود بچے کو سنبھالنا ایک مشکل ٹاسک ثابت ہوتا ہے ۔ اور اگر یہ کہا جاۓ کہ ناتجربہ کار والدین کو ناکوں چنے چبوا دیتا ہے تو غلط نہ ہو گا
نومولود بچے کے پانچ بڑے مسائل
نومولود بچےکے حوالے سے سب سے بڑا مسلہ یہ ہوتا ہے کہ وہ عام انسانوں کی طرح اپنی تکلیف کو بول کر بتا نہیں سکتے ۔ وہ چاہے بھوکے ہوں یا کسی تکلیف میں ہر صورت میں اپنے مسلے کو بیان کرنے کا ان کے پاس ایک ہی طریقہ ہوتا ہے جو کہ رونا ہوتا ہے ۔
نومولود بچے کا پیٹ کا درد یا کولک


نومولود بچے کا پیٹ بھرا ہونےکے باوجود زاروقطار رونا اور روتے ہوۓ اپنے چہرے کو سرخ کر دینا اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ اس کے پیٹ میں درد ہے یا اس کو کولک ہے یعنی اس کے پیٹ میں گیس ہو رہی ہے جو درد کا باعث بن رہی ہے ۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر یہ تکلیف شام کے وقت زیادہ ہوتی ہے ۔ اگر بچے کی نشونما ٹھیک ہو اور وہ ایکٹو بھی ہو تو یہ زیادہ پریشان ہونے کی بات نہیں ہے اور کچھ دیر میں یہ خود بخود ٹھیک بھی ہو جاۓ گا
عام طور پر اس حوالے سے بڑی بوڑھیاں بچوں کے پیٹ پر ہلکے ہاتھوں سے کسی بھی تیل سے مساج کرنے کا مشورہ دیتی ہیں ۔ اس سے بھی بچے کو سکون ملتا ہے ۔ اس کے علاوہ ماں کا دودھ پینے والے بچوں کی ماؤں کو اس حوالے سے محتاط ہونا ضروری ہے کہ وہ یہ چیک کریں کہ ان کا کیا کھانے سے ان کے بچے کے پیٹ میں درد ہوتا ہے وہ ایسے کھانوں سے احتیاط برتیں ۔ عام طور پر دودھ اور دہی وغیرہ اگر ماں استعمال کرۓ تو اس سے بچے کے پیٹ میں کولک ہو سکتا ہے
بچوں کا بار بار دودھ الٹانا


نومولود بچے کے حوالے سے ماؤں کو اس بات کی بھی شکایت ہوتی ہے کہ ان کا بچہ بار بار دودھ پینے کے بعد الٹی کر دیتا ہے ۔ درحقیقت چھوٹے بچے دن کا زیادہ وقت لیٹ کر گزارتے ہیں اس وجہ سے وہ اضافی دودھ کو الٹی کی صورت میں نکال دیتے ہیں
ماہرین کے مطابق اگر بچے کی الٹی میں کسی قسم کی بدبو نہین ہے اور وہ اس حالت میں دودھ خارج کر رہے ہیں کہ دودھ پانی اور پھیکڑوں کی صورت میں بچے کے منہ سے نکل رہا ہے تو اس صورت میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے
البتہ اس حوالے سے یہ احتیاط ضرور کر لی جاۓ کہ ہمیشہ بچے کو دودھ پلانےکے بعد اپنے کاندھے سے لگا کر ڈکار ضرور لگوا لیں
اس کے ساتھ ساتھ اگر بچے کے وزن میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ ایکٹو ہے تو اس دودھ کے الٹانے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے
روتے بچوں کو چپ کروانے کے چھ بہترین طریقے جاننے کے لیۓ یہاں کلک کریں
بچے کا بار بار موشن کرنا
نومولود بچے کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ وہ دن بھر میں جتنی بار دودھ پیتا ہے اتنی ہی بار اگر موشن کرتا ہے تو یہ پریشانی کی بات نہیں ہے ۔کیوں کہ اکثر بچے بار بار موشن کرتے ہیں تو ان کی ماؤں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ان کے بچے کا معدہ درست نہین ہے ۔ لیکن اگر یہ موشن بار بار پانی چیسے ہوں تو اس صورت میں تو یہ پریشانی کی بات ہے ورنہ اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے
بچے کا بار بار بھوک سے رونا


بڑے بوڑھے اس حوالے سے بتاتے ہیں کہ چھوٹے نومولود بچے کے معدے کی مثال چڑیا جیسی ہوتی ہے چڑیا دن بھر میں اپنے بچے کو تقریبا ایک سو بار دانہ کھلاتی ہے ۔ اسی طرح نومولود بچہ بھی ایک وقت میں پیٹ بھر کر دودھ نہین پیتا ہے
اس وجہ سےاس کو بار بار دودھ پلانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ہر ایک گھنٹے کے بعد بھی اگر یہ بچہ دودھ مانگے تو اس کو دودھ پلا دینا چاہیے ہے ۔ اور بچہ جب بھی دودھ کے لیۓ روۓ شروع کے دنوں میں اس کو دودھ پلا دینا چاہیے
بچے کا رات بھر جاگنا
یہ وہ مسلہ ہے جو کہ والدین کو سب سے زیادہ پریشان کرتا ہے ۔ نومولود بچہ رات بھر جاگتا ہے اور دن بھر آرام سے سوتا ہے ۔ جب کہ والدین رات بھر بچے کی وجہ سے جاگتے ہیں اور دن بھر بھی نیند کے جھونکے کھاتےرہتے ہیں
ایسے والدین کے لیۓ سب سے پہلے مشورہ یہ ہے کہ ابتدائی طور پر وہ اپنے سونے جاگنے کے شیڈول کو بچے کے مطابق بنانے کی کوشش کریں ۔ اس کے بعد اس بات کی کوشش کریں کہ اگر ان کا بچہ بغیر کسی تکلیف کے رات بھر جاگتا ہے تو یہ درحقیقت اس کی شیڈول کی خرابی کو ظاہر کرتا ہے جس کو شیڈول کو درست کر کے صحیح کیا جا سکتا ہے
کوشش کریں کہ رات آپ کے سونے سے قبل بچہ کم از کم تین چار گھنٹے تک جاگتا رہے اس کے لیۓ اس کو مساج وغیرہ کر کے جگایا جا سکتا ہے ۔
مگر یاد رکھیں یہ تمام علامات نومولودبچوں کی عمومی صورتحال کے حوالے سے ہے ۔ اگر اس میں سے کوئی بھی علامت مستقل ہو یا زيادہ شدید ہو تو اس صورت میں بچے کی صحت کے حوالے سے بچوں کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے ۔
بچے کی صحت کے حوالے سے آن لائن مشورےکے لیۓ مرہم ڈاٹ پی کے کی ایپ ڈاون لوڈ کریں یا پھر 03111222398 پر رابطہ کریں