عیدالاضحی کا نام ذہن میں آتے ہی مزے مزے کے پکوانوں کا خیال منہ میں پانی لے آتا ہے ۔عید کی آمد سے قبل ہی لوگ اس کی تیاریاں اور پلاننگ کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔ طرح طرح کی ریسیپیز جمع کی جاتی ہیں اور نت نۓ پکوان بناۓ جاتے ہیں جن سب میں گوشت کا استعمال وافر مقدار میں کیا جاتا ہے
عیدالاضحی پر گوشت کھانے کے فوائد


عید الاضحی پر عام طور پر گاۓ یا بکرے کی قربانی کی جاتی ہے ۔ گاۓ یا بیل کے گوشت کو سرخ گوشت کہا جاتا ہے جس میں بکرے کے گوشت کے مقابلے میں چربی کی مقدار قدرے زيادہ ہوتی ہے تاہم گوشت کے اندر طاقت کا ایک خزانہ موجود ہوتا ہے
گوشت وٹامن بی 12 اور آئرن سے بھر پور ہوتا ہے جو کہ خون بنانے میں بہت لازم ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ اس میں پروٹین کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ جسم کے پٹھے نۓ خلیات بنانے کے لیۓ بہت ضروری ہوتے ہیں
ایک صحت مند انسان کو پورے ہفتے میں 500 گرام تک گوشت کھانے کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ اس کے جسم کی ضروریات کو مکمل کر دیتا ہے مگر عید الاضحی کے موقع پر اکثر افراد اس مقدار سے بہت زیادہ گوشت مختلف طریقوں سے استعمال کرتے ہیں اس کی وجہ سے ان کی صحت کو کچھ خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے
عید الاضحی پر زيادہ گوشت کھانے کے جسم پر منفی اثرات


دل کے امراض کا خطرہ
عید الاضحی پر زيادہ گوشت کا استعمال خون کے اندر کولیسٹرول کی مقدار کو بڑھا دیتا ہے اس کا سبب یہ ہے کہ گوشت میں ان تمام مفید اجزا کے ساتھ ساتھ چکنائی کی مقدار بہت زيادہ ہوتی ہے ۔ چکنائی کی زیادتی کے سبب وہ افراد جن کا کولیسٹرول لیول عام حالات میں بھی زیادہ ہوتا ہے مذید بڑھ جاتا ہے اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے
ایسے افراد دل کی تکلیف کا بھی شکار ہو سکتے ہیں ان افراد میں چالیس سال سے بڑی عمر کے افراد ہائی رسک پر ہوتے ہیں اس وجہ سے ایسے افراد کو چاہیے کہ اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور گوشت کے ساتھ ساتھ تازہ سبزیوں کا استعمال لازمی کریں
ہاضمے کے مسائل


عید الاضحی پر زيادہ گوشت والی غذاؤں کا استعمال مختلف افراد کے ہاضمے پر مختلف انداز میں اثر انداز ہوتا ہے ۔ چونکہ گوشت ایک ایسی غذا ہے جس میں فائبر کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اس وجہ سے اس کا زیادہ استعمال ہاضمے کے عمل کو سست کر دیتا ہے اور لوگ قبض کا شکار ہو سکتے ہیں
بعض افراد کا معدہ اس حد تک نازک ہوتا ہے کہ وہ زيادہ گوشت کے استعمال کے باعث کام کرنا چھوڑ دیتا ہے جس کی وجہ سے بد ہضمی اور دست بھی ہو سکتے ہیں ۔ بار بار دست آنا یا پھر اس کے سبب الٹی وغیرہ آنا بھی ممکنات میں شامل ہے اس وجہ سے ایسے افراد کو نہ صرف گوشت کم اچھی طرح پکا کر استعمال کرنا چاہیے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کم مقدار میں استعمال کرنا چاہیۓ
کینسر کا خطرہ
ماہرین کی طویل ترین ریسرچ اس بات کا ثبوت ہے کہ گوشت کا زیادہ استعمال مختلف اقسام کے کینسر بنانے کا سبب بھی بن سکتا ہے جن میں معدے کا کینسر ، پروسٹیٹ کا کینسر ، بریسٹ کینسر قابل ذکر ہیں اس کے علاوہ جو لوگ پہلے ہی کینسر کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں عید الاضحی پر ان افراد میں بھی گوشت کا زیادہ مسائل ان کے مرض میں پیچیدگی کا سبب بن سکتا ہے
ذیابطیس کے مریضوں کے لیۓ


عید الاضحی کے موقع پر ذیابطیس کے مریض یہ سوچتے ہیں کہ چونکہ گوشت میٹھا نہیں ہوتا ہے اس وجہ سے اس کا استعمال ان کے لیۓ محفوظ ہوتا ہے جب کہ ماہرین کے مطابق بہت زیادہ گوشت کا استعمال غیر متوازن غذا سمجھا جاتا ہے اور اس سے خون میں شوگر کے لیول میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔
موٹاپے کا سبب
عید الاضحی کے موقع پر سب سے زیادہ نقصان ان افراد کا ہوتا ہے جو کہ وزن کم کرنے کی کوششوں مین لگے ہوتے ہیں ۔ گوشت کا استعمال ان کی ڈائٹنگ کو تہس نہس کر دیتا ہے گوشت کے اندر چونکہ غیر حل شدہ چکنائی کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے عید الاضحی کے موقع پر اس گوشت کا استعمال اور اس سے جڑے پکوان کھانے سے لوگوں کے وزن میں تیزی سے اضافہ دیکھنے ميں آیا ہے
اس وجہ سے ایسے تمام افراد کو عید الاضحی کے موقع پر بھی گوشت کےاستعمال کے دوران کیلوری کاونٹ کو فراموش نہیں کرنا چاہیۓ اور اتنی ہی کیلوریز کا استعمال کرنا چاہیۓ جتنا ان کے ماہر غذائيت نے بتایاہے
گردے کے امراض
گوشت کے اندر ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں جن کو ہضم کرنا دشوار اور اس میں موجود نمکیات وغیرہ کے سبب جو افراد گردے کی تکالیف میں مبتلا ہیں ان کی تکالیف میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ گردے کے انفیکشن یا پتھری کے مریض کو چاہیۓ کہ گوشت کو اچھی طرح گلا کر اور کم مقدار میں استعمال کریں زیادہ استعمال ان کے گردوں پر کام کے دباؤ کو بڑھا سکتے ہیں جس سے ان کی تکالیف میں اضافہ ہو سکتا ہے
عید الاضحی کے مسائل کے حل کے لیۓ ڈاکٹرکا مشورہ
عید سے قبل دل کے امراض میں مبتلا افراد ، ذیابطیس ، گردے اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کو چاہیۓ کہ اپنے ڈاکٹر سے ایک ملاقات ضرور پلان کر لیں اور اس کی ہدایات کی روشنی میں عید الاضحی کے کھانے پینے کے پروگرام کو پلان کریں