اروما تھراپی علاج کا ایک ایسا طریقہ ہے جس میں مخحتلف قسم کے خوشبو دار تیل استعمال کیۓ جاتے ہیں جس کے نتیجے میں ذہن نہ صرف ریلیکس ہوتا ہے بلکہ اس کے کام کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ اس طریقہ علاج کے کوئي منفی اثرات نہیں ہوتے ہیں اور اس میں مختلف قسم کے پھولوں اور چیزوں کی خوشبو سے صحت کے بڑے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے
اروما تھراپی سے کیا مراد ہے
براون یونی ورسٹی میں اروما تھراپی میں ہونے والی ایک ریسرچ کے مطابق خوشبو انسان کے موڈ ، رویۓ اورسوچ پر مختلف قسم کے اثرات مرتب کرتی ہے کیوں کہ اعصاب اس خوشبو کو دماغ تک پہنچاتی ہے اور پھر دماغ کے ذریعے جسم کے مختلف حصوں تک اس کا پیغام پہنچتا ہے جو مختلف اثرات مرتب کرنے کا باعث بنتا ہے ۔ یہ طریقہ علاج کسی بھی بیماری کا مکمل علاج نہیں ہو سکتا مگر اس کے ذریعے مختلف بیماریوں کی علامات اور اس کی شدت میں کمی ضرور کی جا سکتی ہے
اروما تھراپی کے انسانی صحت پر اثرات
مختلف قسم کے پھولوں اور پھلوں کی خوشبو انسانی جسم پر ایک مختلف انداز میں اثرات مرتب کرنے کا باعث بنتی ہے جس کے متعلق آج ہم آپ کو بتائين گے
بھوک کو کم کرنے والی خوشبو
چاپان کی اوساکا یونی ورسٹی کی ریسرچ کے مطابق چکوترے سے بنے اسکواش اور اس کی خوشبو انسان کی بھوک کو قدرتی طور پر کم کرنے کا سبب بن سکتی ہے اور ان کا استعمال ان افراد کے لیۓ بہت مفید ہوتا ہے جو وزن کم کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں
ڈپریشن دور کرنے والی اور دل کی شریانیں کھولنے والی خوشبو


ماہرین کے مطابق صندل ، لیوینڈر اور کنو کی خوشبو انسانی اعصاب کو پر سکون کر کے ڈپریشن کو دور کرتی ہے پریشانی کی حالت کا خاتمہ کرتی ہے اور انسان خود کو چاک و چوبند محسوس کرتا ہے
ایک تحقیق کے مطابق 12بریسٹ کینسر کے مریضوں کا جب ان خوشبو والے تیل سے مساج کیا گیا تو اس اروما تھراپی کے نتیجے میں ان مریضوں مین کینسر کے مرض اور اس کے علاج کے سبب ہونے والی بے چینی میں نہ صرف سکون ملا بلکہ ان کے اندر سے اس ڈپریشن میں بھی کمی واقع ہوئي جو کہ اس سخت ترین طریقہ علاج کے سبب ان کے اندر پیدا ہو چکی تھی اور ان کو بیماری سے لڑنے اور اس کا مقابلہ کرنے کی نئي قوت ملی
اروما تھراپی کے دوران دل کے مریضوں کو جب لیونڈر یا صندل کی خوشبو سونگھائی گئی تو اس سے ان کی نیند میں بہتری آئي ان کا بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مدد ملی جس سے ان کی دل کی بند شریانوں کو کھولنے میں بھی مدد ملی
پرسکون نیند کے لیۓ


جاپان کی ایک یونی ورسٹی کے مطابق گلاب کے پھول یا اس سے بنی خوشبو کو سونگھنے کی صورت میں نیند نہ آنے کے مریضوں کو بہت افاقہ ہوا اور اس خوشبو نے ایک خواب آور دوا کا کام کیا ۔ گلاب کی خوشبو کی اروما تھراپی انسان کےاندر سے بے چینی کا خاتمہ کر کے اسکو پر سکون کرتی ہے اور نیند کا سبب بنتی ہے
یاداشت کو بہتر کرنے والی خوشبو
یوکے کی یونی ورسٹی آف نارتھ تھمبریا کے مطابق اگر کسی انسان کو روز میری پھول کی خوشبو سونگھائی جاۓ تو اس سے اس کو اپنی گزرتی زندگی کے وہ واقعات بھی یاد آنے لگتے ہیں جو کہ وہ فراموش کر بیٹھا ہوتا ہے اس وجہ سے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اس پھول کی اروما تھراپی ان افراد کے لیۓ بہت مفید ہوتی ہے جو کہ یاداشت کی کمزوری کا شکار ہوتےہیں اور اس خوشبو کا مستقل استعمال ان کی یاداشت کو بہتر بناتا ہے
متلی اور آپریشن کے بعد والی کیفیت کے لیۓ


کسی بھی آپریشن کے بعد عام طور پر جلد ریکوری کےلیۓ اور آپریشن کے بعد ہونے والی متلی دور کرنے کے لیۓ بھی پودینے کی اروما تھراپی بہت موثر اثرات مرتب کرتی ہے اور اس سے تیزی سے آپریشن والی کیفیت سے نکلنے میں مدد ملتی ہے
اروما تھراپی کا طریقہ کار
اروما تھراپی سے مستفید ہونے کے لیۓ ان طریقوں کا استعمال مددگار ثابت ہو سکتا ہے
اچھی کوالٹی کی خوشبو کا استعمال کریں
اروما تھراپی کے لیۓ ضروری ہے کہ یہ خوشبو پرفیوم کی صورت میں استعمال نہ کی جاۓ بلکہ اس کی جگہ اچھی کوالٹی کے عطر کی صورت میں اس خوشبو کا استعمال کرنا چاہیۓ
بہت کم مقدار میں خوشبو کا استعمال کریں


خوشبو کو مختلف انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے اس کے چند قطرے نہانے کے پانی میں شامل کرنے سے یہ خوشبو دن بھر آپ کا احاطہ کر سکتی ہے اس کے علاوہ ایک کپ گرم پانی میں چند قطرے خوشبو کے شامل کرنے سے کمرے کےاندر یہ خوشبو پھیل سکتی ہے جو کہ سانسوں کے راستے داخل ہو کر علاج میں مفید ثابت ہو سکتی ہے
اروما تھراپی میں احتیاط
خوشبو کو استعمال کرنے کا قطعی یہ مطلب نہیں ہے کہ اس کو کھانے پینے میں شامل کریں
جس طرح خوشبو مثبت اثرات مرتب کرتی ہے اسی طرح بعض خوشبویات جسم پر منفی اثرات بھی مرتب کرتی ہیں جو کہ ہر فرد کے مزاج کے حساب سے مختلف ہو سکتی ہیں اس وجہ سے ایسی خوشبویات سے پرہیز کریں
حالت حمل ، کینسر کے مریض الرجی یا دمے کے مریض اپنے ڈاکٹر کے مشورے سےاروما تھراپی کا علاج شروع کریں